• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لیگ کو خطرہ نہیں، میچز ہونگے، تماشائی بھی آئینگے: پی سی بی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایچ بی ایل پی ایس ایل میں چار کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد انہیں دس دن کے لئے آئسولیٹ کردیا گیا ہے۔ پی سی بی نے کہا ہے کہ کورونا کیس سامنے آنے کے باوجود ٹورنامنٹ کو خطرہ نہیں ہے کراچی ،لاہور کے تمام میچ پروگرام کے مطابق ہوں گے تماشائی بھی ایس او پیز کے ساتھ شریک ہوں گے۔ پانچ ٹیموں ملکی و غیر ملکی کرکٹرز اور سپورٹ ا سٹاف کے 244 پی سی آر ٹیسٹ کیے گئے تھے جن میں سے صرف تین ٹیسٹ مثبت آئے ہیں ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ فرنچائز اسلام آباد یونائیٹیڈ کےآسٹریلوی لیگ اسپنرفواد احمد اور لیوس گریگوری جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اوپنر ٹام بینٹن اور کراچی کنگز کے فیلڈنگ کوچ کامران خان کے کوویڈ ٹیسٹ مثبت آئے ہیں ۔ تاہم بورڈ نےپی ایس ایل کے حوالے سے خدشات اور قیاس آرائیوں کو مسترد کردیا ہے۔ پی سی بی کے ڈائریکٹر میڈیا سمیع الحسن برنی منگل کو ہنگامی پریس کانفرنس میں اعلان کیا کہ فواد احمد کے علاوہ دو غیر ملکی کرکٹرز اور ایک ملکی سپورٹ ا سٹاف کے رکن شامل ہیں ۔ ان افراد کو 10 روزہ قرنطینہ میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ یہ جاننا مشکل ہے کہ ٹیسٹ مثبت کیسے آئے۔ ٹورنامنٹ جس طرح شروع ہوا کوشش ہوگی کہ اسی طرح ختم ہو۔ واضح رہے کہ گذشتہ روز فواد احمد کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان ایک دن کے لیے ملتوی کر دیا گیا تھا۔ سمیع الحسن نے بتایا کہ احتیاطی طور پر تین کرکٹرز کے مثبت ٹیسٹ آنے کے بعد پی سی بی کے ملازمین، نیشنل ا سٹیڈیم کراچی کے ا سٹاف اور براڈکاسٹر کے تمام ممبران کے پی سی آر ٹیسٹ کرائے گئے ہیں۔ یہ تعین کرنا بہت مشکل ہے کہ بائیو سکیور ببل کی خلاف ورزی کس طرح ہوئی ہے۔ لیکن یہ بات طے ہے کہ یہ بائیو سکیور ببل کمزور نہیں ہے۔ نیشنل اسٹیڈیم کے گرائونڈ اسٹاف کو دستانے استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

تازہ ترین