• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تمام میچز کی کراچی منتقلی پر غور، فیصلے کیلئے 48 گھنٹے اہم

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایچ بی ایل سپر لیگ کے بقیہ 14میچ بھی نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کرانے پر غور کیا جارہا ہے اس حوالے سے اگلے48 گھنٹے اہم ہیں ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور میں ہونے والے میچ کراچی منتقل کرنے کا فیصلہ جمعرات کو ہونے والے کورونا پی سی آر ٹیسٹ کی رپورٹ سے مشروط ہے ۔پی سی بی اب لاہور میں میچز نہ کرانے کے آپشن پر سنجیدہ ہے۔ اس متعلق حتمی فیصلہ جمعے یا ہفتے کو ہوسکتا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ باقی میچز کراچی منتقل کرنے کی تجویز فرنچائز مالکان سے ورچوئل میٹنگ میں سامنے آئی تھی سب متفق تھےکہ ٹورنامنٹ کو ہر صورت میں مکمل کرایا جائے گا ، ضرورت پڑنےکراچی ہی میں مکمل کر لیا جائے گا لیکن ابھی باقی ماندہ میچ کراچی میں کرانے یا انہیں ری شیڈول کرنے کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ جمعرات کو تمام چھ ٹیموں کے پی سی آر ٹیسٹ ہوں گے۔ رپورٹس جمعے کو آئیں گی۔ مزید کیس سامنے آنے پر ٹورنامنٹ ری شیڈول ہوسکتا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ورچوئل میٹنگ میں یہ بات طے ہوئی تھی کہ فرنچائز ٹورنامنٹ کو مکمل کرنے کے لئے پی سی بی سے ہر ممکن تعاون کریں گی ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ تمام ٹیمیں لاہور کے لئے چارٹرڈ فلائٹ میں سفر کریں گی۔ لیکن دو ایئر پورٹس پر کورونا وائرس منتقل ہونے کا خطرات موجود ہیں۔

تازہ ترین