اسلام آباد (نمائندگان جنگ) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ جمہوریت بہترین انتقام ہے،عمران خان کو اس کی اپنی اسمبلی سے شکست دلانا تاریخی کامیابی ہے۔
یوسف رضا گیلانی بینظیر بھٹو کے دور میں اسپیکر، آصف علی زرداری کے دور میں وزیراعظم اور آج کے بعد چیئرمین سینیٹ ہوں گے جبکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ عوامی نمائندوں نے 2018ء کا بد لہ لے لیا ہے ، عمران خان کے پاس وزیراعظم ہاؤس پر قابض رہنےکا جواز نہیں ۔
بدھ کو زرداری ہائوس میں نو منتخب سینیٹر سید یوسف رضا گیلانی کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطا ب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ اسلام آباد کے سینیٹ کے انتخاب میں پورا پاکستان ووٹ کرتا ہے،اب وزیراعظم کو اخلاقی طور پر استعفیٰ دینا چاہئے۔
انہیں ہار ماننی چاہئے اور نخرے نہیں کرنے چاہئیں، جمہوریت کے تسلسل کیلئے پارلیمان کو اپنی مدت پوری کرنی چاہئے لیکن جس طرح سے ریاست کو چلایا جارہا ہے ایسے نہیں چل سکتی،پی ڈی ایم اتفاق رائے سے فیصلہ کرے گی کہ اب لانگ مارچ پہلے کرنا ہے یا عدم اعتماد۔
پریس کانفرنس میں سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف،نیئرحسین بخاری،قمر زمان کائرہ،عبدالقادر پٹیل ودیگر موجود تھے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کا شکریہ ادا کرتا ہوں، شہبازشریف کے پاس بھی جاؤں گا اور مولانا فضل الرحمن کے پاس بھی جاؤں گا۔
اس سوال پر کہ کیا پی ڈی ایم وزیراعظم کیخلاف تحریک عدم اعتماد لائے گی ؟ پر بلاول نے کہاکہ ہم پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے اسٹرٹیجی بنائیں گے۔
ایک اور سوال پر انہوںنے کہاکہ پی ڈی ایم کا مستقبل روشن ہے اور جمہوریت کا مستقبل روشن ہے۔ یوسف رضا گیلانی نے کہاکہ ابھی نوازشریف سے بات ہوئی ہے انہوں نے مجھے فون کرکے مبارکباد دی ، ہم نے پی ٹی آئی کے ممبران اسمبلی کو وزیراعظم کی مفت میں زیارت کروائی ہے کیونکہ وہ ان سے نہیں ملتے تھے۔
علاوہ ازیں سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر مریم نواز نے کہا کہ عوامی نمائندوں نے چیئرمین سینٹ کا الیکشن چھینے جانےکا بد لہ لے لیا ہے، سب سے اہم بات یہ ہےکہ عوام اور ان کے نمائندوں نےڈرنے سے انکار کردیاہے، جعل سازی اب نہیں چل سکتی۔
یوسف رضا گیلانی نے حکومتی امیدوار حفیظ شیخ کو شکست د ے کر اپ سیٹ کر دیا ہے انہوں نے کہا کہ جعلی مینڈیٹ عوام کے نمائندوں نے واپس چھین لیا ہے، اپنے ہی لوگوں نے دباؤ کے باوجود آٹا چور، چینی چور، بجلی چور اور ووٹ چور عوام کے مجرم عمران خان کو ووٹ دینے سے انکار کردیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ تمہارے پاس اب وزیراعظم ہاؤس پر قابض رہنے کا کوئی جواز نہیں، ووٹ چور کرسی چھوڑ دیں ۔مریم نواز نے یوسف رضا گیلانی، پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ اور ن لیگی ارکان کو مبارک باد دی ہے اور ن لیگی ارکان کو شاباش بھی دی ہے کہ جنہوں نے نواز شریف کے فیصلے اور بیانیےکا مان رکھا اور جھکنے اور بکنے سے انکار کردیا ہے ۔