اسلام آباد(آئی این پی) قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی صحت سے متعلق ڈاکٹرز نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ ان کی کمر کے پٹھے سوجن کا شکار ہو گئے ہیں، اس لیے انھیں ایک ہفتہ مکمل آرام کرنا چاہیے، مزید سفر کیا تو کمر کی تکلیف بڑھ جائے گی۔بدھ کو اپوزیشن لیڈرمیاں شہباز شریف کا پمز کے ڈاکٹرز کی ٹیم نے معائنہ کیا، ان کے علاج سے متعلق پمز کے ڈاکٹرز نے رپورٹ میں لکھا کہ 70 سال کے شہباز شریف سر درد اور کمزوری کی شکایت کر رہے ہیں، نیورو سرجن کے مطابق شہباز شریف کے پٹھے سوجن کا شکار ہیں۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مسلسل سفر کی وجہ سے شہباز شریف کی کمر میں شدید درد ہو رہا ہے، انھوں نے مزید سفر کیا تو کمر کی تکلیف بڑھ جائے گی۔ڈاکٹرز کی جانب سے شہباز شریف کو ایک ہفتے کی مکمل آرام کی ہدایت کی گئی ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈاکٹرز نے شہباز شریف کے جسم میں خون اور آئرن کی شرح جانچنے کا فیصلہ کیا ہے، اور انھیں ٹی آئی بی سی، سیرم آئرن ٹیسٹ تجویز کر دیا ہے۔