اسلام آباد(آئی این پی)سینیٹ انتخابات کےلئے نیب کی طرف سے گرفتار کئے گئے ارکان قومی اسمبلی شہبازشریف، خورشید شاہ اور خواجہ آصف کو سخت سیکورٹی میں پارلیمنٹ ہاؤس لایا گیا، پارلیمنٹ کی عمارت میں داخلے سے قبل جیل حکام نے تینوں ارکان کو پارلیمنٹ کی سیکورٹی کے حوالے کیا ،سینیٹ الیکشن میں اپنا ووٹ کاسٹ کرنے کے بعد اپوزیشن جماعتوں سے تعلق رکھنے والے تینوں ارکان پارلیمنٹ ہاؤس میں موجود رہے، الیکشن کے نتائج کے اعلان کے بعد شہبازشریف ،خورشید شاہ اور خواجہ آصف کو جیل حکام کے حوالے کیا گیا جہاں سے انہیں واپس متعلقہ جیلوں میں لے جایا گیا۔ واضح رہے خورشید شاہ کو سکھر جبکہ شہبازشریف اور خواجہ آصف کو لاہور سے اسلام آباد لایا گیا تھا اور یہاں ان کی سرکاری رہائشگاہوں کو سب جیل قراردیا گیا تھا۔