ملتان (سٹاف پورٹر) نیب نے نہ صرف بدعنوانی کے خلاف بلکہ اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے کرپشن کے خلاف بین الاقوامی سطح کا بہترین طریقہ کار تیار کیا ہے اور سب سے بڑھ کر یہ کہ نیب کو کرپٹ افراد کیلئے ایک سبق بنانا ہے۔ ان خیالات کا اظہار ڈائریکٹر جنرل نیب ملتان عتیق الرحمٰن نے پاکستان میں اینٹی منی لانڈرنگ حکومت کے نفاذ کے موضوع پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سیمینار کی میزبانی نیب ملتان نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان ملتان کے آڈیٹوریم میں کی۔ مہمان مقررین ندیم اختر شیرازی ڈائریکٹر کاؤنٹر فنانس ٹیررازم این اے سی ٹی اے اسلام آباد نے ایف اے ٹی ایف کے تحت اے ایم ایل اور سی ایف ٹی نافذ کرنے کی ذمہ داریوں کے بارے میں بات کی جبکہ نورالسحر اسسٹنٹ ڈائریکٹر فنانشل مانیٹرنگ یونٹ نے اینٹی منی لانڈرنگ حکومت میں ایف ایم یو کے کردار پر روشنی ڈالی۔ سیمینار میں کامران حیدر جوائنٹ ڈائریکٹر بینکنگ پالیسی اینڈ ریگولیشن ڈیپارٹمنٹ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کراچی نے اینٹی منی لانڈرنگ پر حکمرانی کے ضابطے کی تعمیل کے بارے میں سامعین کو روشناس کرایا ۔ نیب ملتان نے اس سیمینار کا انعقاد قومی انسداد بدعنوانی کی حکمت عملی کے مطابق کیا تھا تاکہ منی لانڈرنگ کیخلاف لاحق خطرات کے خلاف تمام متعلقہ افراد کو حساس اور متحرک کیا جاسکے۔ سیمینار میں کمشنر ملتان ، ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب، ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل انٹیلی جنس بیورو ملتان ، کمشنر آئی آر ایس سمیت دیگر افراد نے شرکت کی۔