مسلم لیگ نون کے رہنما اور پنجاب اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف حمزہ شہباز شریف کہتے ہیں کہ سینیٹ الیکشن میں یوسف رضا گیلانی کی کامیابی عوام کی ترجمانی ہے۔
لاہور کی احتساب عدالت کے باہر مسلم لیگ نون کے رہنما اور پنجاب اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف حمزہ شہباز شریف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کل سینیٹ الیکشن میں پی ڈی ایم جماعتوں نے کامیابی حاصل کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہر روز حکومتی ترجمان ٹی وی پر آ کر جھوٹ بولتے ہیں، مگر کل کا فیصلہ عوامی نمائندوں کا فیصلہ ہے۔
حمزہ شہباز کا کہنا ہے کہ عوامی فلاح و بہبود کے لیے کچھ نہیں کریں گے تو ایسے فیصلے ہوں گے۔
پنجاب اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف نے کہا کہ مسلم لیگ نون کے دور کے مقابلے میں مہنگائی میں آج زمین آسمان کا فرق ہے۔
انہوں نے کہا کہ سینیٹ الیکشن کے لیے قومی اسمبلی کے ممبران نے اپنے ضمیر کے مطابق فیصلہ کیا۔
حمزہ شہباز شریف کا مزید کہنا ہے کہ عوام چند دن انتظار کریں پی ڈی ایم اچھے فیصلے کرے گی۔
مسلم لیگ نون کے رہنما اور پنجاب اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف نے یہ بھی کہا کہ پی ڈی ایم کا اجلاس ہونے والا ہے، مستقبل کا لائحہ عمل چند دن میں مرتب ہو گا۔