• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یوسف رضا گیلانی کی فتح نوٹ اور چور بازاری سے جڑی ہے، فردوس عاشق اعوان

وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ الیکشن میں امیدوار پی ڈی ایم جیتا ہے لیکن نظریہ عمران خان کا جیتا ہے، سینیٹ الیکشن میں یوسف رضا گیلانی کی فتح نوٹ اور چور بازاری سے جڑی ہے۔

فردوس عاشق اعوان نے  پریس کانفرنس کے دوران کہا ہے کہ افسوس ہے کہ ملک میں نوٹ کی سیاست جیت گئی، وقتی طور پر ان کا امیدوار جیتا لیکن نظریہ عمران خان کا جیتا ہے، آج یہ اکٹھے ہو کر عمران خان کو للکار رہے ہیں، انہیں طریقہ واردات آتا ہے، کل الیکشن کمیشن فیل ہوگیا۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ ووٹ کی سیاست بیٹھ گئی، کل کے اس گھناؤنے کھیل نے عمران خان کے بیانیے کو تقویت دی، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) ہر طرح کے چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کے لیے تیار ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آپ نے دیکھا کہ کل جمہوریت کے نام پر کھلواڑ ہوا، جو سیاست کے نام پر تجارت کرتے رہے انہوں نے کل کاریگری دکھائی، عمران خان کا قوم سے وعدہ ہے ملک کو کرپشن سے پاک کرنا ہے، الحمدللّٰہ ہم نے چاروں اسمبلیوں اور وفاق میں ایک سیٹ لی۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ یہ عمران خان کی بیانیہ کی طاقت ہے کہ مخالفین کو کے پی میں ایک سیٹ نہ ملی، عمران خان کی فتح ہے کہ انہوں نے پارٹیوں کو مخصوص صوبوں تک محدود کر دیا۔

اُن کا کہنا تھا کہ عمران خان کو اقتدار سے دلچسپی نہیں، وہ اصول کی سیاست کرنا چاہتا ہے، عمران خان نےدلیرانہ فیصلہ کیا کہ جسے جرات ہے وہ مخالفت سرعام کرے، جن پی ٹی آئی ممبران نے پارٹی کےخلاف ووٹ دیا ہے، انہوں نے دھوکہ دیا ہے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ جعلی راجکماری کی گیلانی کو مبارکباد بیگانی شادی میں عبداللّٰہ دیوانہ والی بات ہے، انہیں یہ نہیں پتہ کہ ان کی خاتون ہار گئی ہیں۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ ہمارا اس قوم سے وعدہ ہے کہ ہم نے پارلیمنٹ کو با اختیار بنانا ہے، الیکشن کےبعد ہمیں اپنے گھر کی طرف باریک بینی سےدیکھنےکی ضرورت ہے، جو حکومت کو آؤٹ کرنےکی خوشی منارہ ے ہیں، حکومت انہیں کلین بولڈ کرے گی۔

تازہ ترین