بھارت کے معروف رئیلیٹی شو بگ باس کے سیزن 14 کے رنراپ اور گلوکار راہول ویدیا نے اپنی قریبی دوست دیشا پارمر سے شادی کے بارے میں اہم اعلان کردیا۔
بھارتی میڈیا کو دیے گئے حالیہ انٹرویو میں راہول ویدیا نے اپنی شادی سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’میں اور دیشا رواں برس تین سے چار ماہ بعد شادی کریں گے لیکن ابھی تک ہم نے شادی کی تاریخ فائنل نہیں کی ہے۔‘
راہول ویدیا نے کہا کہ ’میں اور دیشا پُرسکون شخصیت کے مالک ہیں لہٰذا ہم اپنی شادی بھی سادگی سے کریں گے۔‘
اُنہوں نے کہا کہ ’ میں نے بہت سی شادی کی تقریبات میں پرفارم کیا ہے لیکن اپنی شادی میں سادگی کو ہی ترجیح دوں گا لیکن شادی کے بعد اپنے تمام عزیز و اقارب کے لیے فنکشن کا انعقاد کروں گا۔‘
واضح رہے کہ راہول ویدیا نے بگ باس کے سیزن 14 کے دوران اپنی قریبی دوست دیشا پارمر کو شادی کی پیشکش کی تھی اور دیشا نے گھر سے باہر ہوتے ہوئے اپنے دوست کی پیشکش قبول کرلی تھی۔
خیال رہے کہ گزشتہ سال اکتوبر سے شروع ہونے والا بھارت کا مقبول ترین رئیلیٹی شو بگ باس کا سیزن 14 اختتام پذیر ہوگیا ہے اور اس سیزن کی فاتح سب سے مضبوط اُمیدوار روبینہ دلیک قرار پائی ہیں۔
دوسری جانب بھارت کے معروف گلوکار راہول ویدیا نے بگ باس کے سیزن 14 کے رنراپ ہونے کا اعزاز اپنے نام کیا۔
بگ باس 14 کے فائنل میں پانچ کنٹسٹنٹ پہنچے تھے جن میں روبینہ دلیک، راہول ویدیا، علی گونے، نیکی تمبولی اور راکھی ساونت شامل تھیں۔