سابق وزیرِ اعظم اور پاکستان پیپلز پارٹی کے نو منتخب سینیٹر یوسف رضا گیلانی کا الیکشن کالعدم قرار دینے کے لیے الیکشن کمیشن میں ایک اور درخواست دائر کی گئی ہے۔
یوسف رضا گیلانی کا الیکشن کالعدم قرار دینے کے لیے الیکشن کمیشن میں درخواست اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے دائر کی ہے۔
درخواست گزار نے اپنی درخواست میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان کی ہدایات کے باوجود انتخابات میں جدید ٹیکنالوجی استعمال نہیں کی گئی۔
درخواست گزار نے استدعا کی ہے کہ انتخابات میں دھاندلی قابلِ دست اندازیٔ جرم ہے، اس کی انکوائری کی جائے۔
اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے الیکشن کمیشن سے استدعا کی ہے کہ یوسف رضا گیلانی کا بطور سینیٹر کامیابی کا نوٹی فکیشن جاری نہ کیا جائے۔
درخواست گزار اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے یہ استدعا بھی کی ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان ہارس ٹریڈنگ کی تحقیقات اور اس میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کرے۔