وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز نے کہا ہے کہ شفاف انتخابات مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کی ترجیحات میں نہیں ہیں۔
وفاقی وزیر فواد چوہدری کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو میں شبلی فراز نے کہا کہ سینیٹ الیکشن سے حکومت کا بیانیہ واضح ہوگیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اب سب کو معلوم ہوگیا ہے کہ کون کہاں کھڑا ہے، ن لیگ اور پی پی کی سیاست نے اخلاقیات کو نقصان پہنچایا ہے۔
شبلی فراز نے یہ بھی کہا کہ پیسے کا استعمال پورے معاشرے میں پھیلانے کا کریڈٹ ن لیگ کو جاتا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ انتخاب جمہوریت کی بنیاد ہے، انتخاب شفاف ہوگا تو جمہوریت مضبوط ہوگی، 1985 سے پیسے کا کلچر آیا، غیرجماعتی انتخابات ہوئے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اُس وقت نواز شریف اینڈ کمپنی جیسے لوگ ہماری سیاست میں شامل ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اور ان کی حکومت صاف ستھرے انتخابات پر زور دے رہی تھی۔
اس موقع پر فواد چوہدری نے کہاکہ الیکشن کمیشن کی وزیراعظم عمران خان کے خلاف پریس ریلیز اچھی نہیں لگی۔