• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا کی وبا سے جرمن فضائی کمپنی کو اربوں ڈالر کا خسارہ

برلن (جنگ نیوز )جرمنی کی قومی فضائی کمپنی لفتھانزا کو 2020میں اربوں ڈالر کا خسارہ ہوا۔ کورونا وبا سے پیداشدہ صورت حال اس غیر معمولی بحران کا سبب بتایا گیا ہے۔جرمن ایئرلائنز لفتھانزا نے گزشتہ روز اعلان کیا کہ کووڈ انیس کی وجہ سے پیدا ہونے والے حالات کے سبب 2020 میں اسے ریکارڈ آٹھ ارب ڈالر (6اعشاریہ 7ارب یورو) کا خسارہ ہوا ہے۔ 2019میں اس کمپنی نے 1اعشاریہ 2ارب یورو منافع کمایا تھا۔ لفتھانزا کے سی ای او کارسٹن اسفور نے کہا کورونا وبا کا یہ سال ہماری کمپنی کی تاریخ میں سب سے زیادہ مشکلات والا سال رہا۔‘‘ ان کے بقول کورونا وائرس کی وبا کے سبب ہزاروں پروازیں منسوخ ہوئیں اور سفری پابندیاں عائد کی گئیں جس کی وجہ سے اس کمپنی کو گزشتہ برس کے ابتدائی نو ماہ کے دوران تقریباً 5اعشاریہ 6ارب یورو کا نقصان اٹھانا پڑا۔جرمن، بیلجیئم، آسٹریا اور سوئس حکومتوں نے 2020 میں اس جرمن کمپنی کو نو ارب ڈالر فراہم کرتے ہوئے اس کی مالی امداد کی تھی۔ اس کے بعد سے جرمن حکومت اس فضائی کمپنی کی سب سے بڑی شیئر ہولڈرہے۔
تازہ ترین