بیجنگ ( نیوز ڈیسک) چین میں حکمراں کمیونسٹ پارٹی کی تیرہویں نیشنل پیپلز کانگریس کا آغاز ہوگیا۔ خبررساں اداروں کے مطابق گزشتہ روز بیجنگ میں شروع ہونے والی سالانہ کانگریس میں ملک بھر سے کمیونسٹ پارٹی کے ہزاروں اعلیٰ ارکان شریک ہیں۔ ہفتہ بھر جاری رہنے والی اس کانگریس کے پہلے روز وزیراعظم لی کی جیانگ نے اپنے خطاب میں وسیع موضوعات کا احاطہ کرتے ہوئے معاشی نمو کے ہدف کا اعلان کیا۔ کورونا وائرس کے باعث چین نے گزشتہ سال معاشی نمو کا ہدف مقرر نہیں کیا تھا۔ انہوں نے عالمی وبا کے خلاف ملکی اقدامات کو سراہاتے ہوئے کہا کہ چین 2020ء میں معاشی نمو حاصل کرنے والی دنیا کی واحد بڑی معیشت ہے۔ کانگریس کے ایجنڈے میں ہانگ کانگ میں انتخابی اصلاحات کے معاملے کو بھی ترجیح دی جائے گی۔ اس موقع پر چینی حکومت نے اعلان کیا کہ سالانہ دفاعی بجٹ 2 کھرب ڈالر سے زائد یا گزشتہ سال سے 6.8 فیصد زیادہ ہو گا۔ یہ اس بجٹ میں مسلسل چھٹے برس ایک عددی اضافہ ہے۔ جاری کردہ بجٹ مسودے سے متعلق ایک رپورٹ کے مطابق رواں سال مجوزہ دفاعی اخراجات تقریباً ساڑھے 13 کھرب یوآن یعنی تقریباً 209 ارب امریکی ڈالر ہوں گے۔ اس مسودے کو غور و خوض کے لیے کانگریس کے چوتھے سیشن میں پیش کیا گیا۔ چین کا دفاعی بجٹ امریکی دفاعی بجٹ کا ایک چوتھائی ، جو 2021ء کے مالی سال کے لیے 740.5 ارب ڈالر رکھا گیا ہے۔