• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چیئرمین سینیٹ کا الیکشن، حکومت و اپوزیشن کی کوششیں، گیلانی کی حمایت کے لئے چوہدریوں کی بلاول سے معذرت

چیئرمین سینیٹ کا الیکشن، حکومت و اپوزیشن کی کوششیں


لاہور، پشاور(نمائندہ جنگ، خبر ایجنسیاں) چیئرمین سینیٹ کا الیکشن، حکومت و اپوزیشن کی کوششیں شروع، بلاول کی چوہدری برادران اور سنجرانی کی ANPوفد سے ملاقاتیں،چوہدری شجاعت نے کہاہےکہ بلاول ہمارے گھر آئے انکی عزت کرتے ہیں لیکن حکومت کے اتحادی ہیں سینیٹ میں اسکا ہی ساتھ دینگے، وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ نے بھی تصدیق کی کہ چوہدری شجاعت نےگیلانی کی حمایت کیلئے بلاول سے معذرت کرلی ہے جبکہ ملاقات میں چیئرمین پی پی نے خیریت بھی دریافت کی، بعد ازاںحمایت سے متعلق ق لیگ نے دوسرا مبہم بیان جاری کیا،دوسری جانب پرویز خٹک کی سربراہی میں پی ٹی آئی وفد کاولی باغ کا دورہ، چیئرمین سینیٹ کیلئے تعا ون کی درخوا ست ،اے این پی کے رہنماامیر حیدر ہوتی کاکہناتھاکہ پی ڈی ایم کاحصہ ہیں ، فیصلہ پارٹی سے مشاورت کے بعد کریں گے ایک بیان کےمطابق پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت حسین اور اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویزالٰہی سے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی، بلاول بھٹو زرداری نے اپنی اور سابق صدر آصف علی زرداری کی جانب سے چوہدری شجاعت حسین کی خیریت بھی دریافت کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ ملاقات میں وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ، ارکان قومی اسمبلی مونس الٰہی، سالک حسین، حسین الٰہی اور پیپلزپارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ، سید حسن مرتضیٰ اور جمیل سومرو بھی شریک تھے۔ ملاقات میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر گفتگو کی گئی۔ قبل ازیں ایک اور بیان میں چوہدری شجاعت حسین اور چوہدری پرویزالٰہی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری ہمارے گھر آئے ان کی عزت کرتے ہیں، حکومتی اتحادی ہونے کے ناطے انہیں پہلے ہی یقین دہانی کروا چکے ہیں، یہ ہمارا شیوہ نہیں کہ کسی سے ایسا وعدہ کریں جو ہمارے اصولوں کے خلاف ہو،چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ حکومت کے اتحادی ہیں سینیٹ میں بھی ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔مزید برآںجیو نیوز کے پروگرام ”نیا پاکستان شہزاد اقبال کے ساتھ“ میں میزبان شہزاد اقبال سے گفتگو میںوفاقی وزیر اور ق لیگ کے رہنما طارق بشیر چیمہ نے کہا کہ بلاول بھٹو کی چیئرمین سینیٹ کیلئے چوہدری برادران سے حمایت مانگنا اچنبھے کی بات نہیں ، الیکشن کے موقع پر پارٹیاں ووٹ مانگنے آتی ہیں، بلاول بھٹو آج چوہدری شجاعت کی عیادت کیلئے بھی تشریف لائے تھے، چوہدری شجاعت نے چیئرمین سینیٹ کے انتخاب میں حمایت کیلئے بلاول بھٹو سے معذرت کرلی ہے، ق لیگ چیئرمین سینیٹ کیلئے صادق سنجرانی کو ہی ووٹ دے گی۔دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف نے چیئرمین سینیٹ کے انتخاب کیلئے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ میں شامل اپوزیشن جماعت عوامی نیشنل پارٹی سے مدد مانگ لی ،اس سلسلے میں حکومتی وفد نے ولی باغ چارسدہ میں اے این پی کی قیادت کیساتھ ملاقات کی ، حکومتی وفد میں وزیر دفاع پرویز خٹک اور چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی شامل تھے جبکہ اے این پی کی نمائندگی مرکزی سینئر نائب صدر امیرحیدر ہوتی، مرکزی جنرل سیکرٹری میاں افتخار حسین، صوبائی صدر ایمل ولی خان ، اے این پی کے نومنتخب سینیٹر ارباب عمر فاروق کاسی ، صوبائی وزیر بلوچستان زمرک خان اچکزئی اور رکن خیبر پختونخوا اسمبلی شکیل بشیر خان عمرزئی نے کی ،حکومتی وفد نے عوامی نیشنل پارٹی کے قائدین سے سینیٹ چیئرمین کے انتخاب میں ووٹ کی درخواست کی، امیر حیدر خان ہوتی نے حکومتی وفد کا ولی باغ آنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی معاملات کو سیاسی طریقے کار کے ذریعے ہی حل کرنا ملک و قوم کی مفاد میں ہے، عوامی نیشنل پارٹی ایک جمہوری سیاسی جماعت ہے اور اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم)کا حصہ ہے،اے این پی میں تمام فیصلے مشاورت سے ہوتے ہیں،اس بارے بھی پارٹی مشاورت سے فیصلہ کرے گی،انہوں نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی ملک میں عوام کو حق حکمرانی دلانے اور آئین اور پارلیمان کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے اور ایوان بالا کے تقدس کی بحالی کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔

kk

تازہ ترین