پاکستان تحریک انصاف کے رہنما خرم شیر زمان کا کہنا ہے کہ آج اس ایوان میں اسلم ابڑو کو حکومتی بینچز پر بٹھایا گیا، اس شخص کو 5 کروڑ میں خریدا گیا۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اراکین کی جانب سے سندھ اسمبلی کے باہر پریس کانفرنس کی گئی۔
اس دوران خرم شیر زمان نے کہا کہ ایوان میں دو نمبر لوگ موجود ہیں، پہلے یہ ارکان استعفیٰ دیں، پھر یہ اراکین حکومتی بنچوں پر بیٹھیں، اس ایوان کا اسپیکر سیاسی جماعت کا ورکر بنا ہوا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ لوگ پیسا بناکر اسلم ابڑو اور شہریار شر جیسوں کو خریدتے ہیں، اس ایوان کا ایک روز کا خرچہ 55 لاکھ روپے ہے، اس شخص کا بھاؤ لگا ہے اس کو خریدا گیا ہے۔
خرم شیر زمان نے کہا ہے کہ چیف جسٹس صاحب آخری امید آپ ہیں، اس کا نوٹس لیں، ہم الیکشن کمیشن کو تحریری طور پر لکھیں گے کہ نوٹس لیں، سندھ کے عوام ان لوٹوں سے پوچھیں کہ انہوں نے غداری کیسے کی۔
خرم شیر زمان نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن کو عمران خان کی تقریر پر اعتراض تھا، اب الیکشن کمیشن فلور کراسنگ کا نوٹس لے۔