اسلام آباد (نمائندہ جنگ) پاکستان مسلم لیگ کے صدرچوہدری شجاعت حسین اور سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویزالٰہی سے وزیراعلی بلوچستان جام کمال نے انکی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ ملاقات میں وزیراعلی بلوچستان نے چوہدری شجاعت کی خیریت دریافت کی ،انہوں نے کہا کہ چوہدری شجاعت حسین ملک کا اثاثہ ہیں ﷲ انہیں سلامت رکھے۔ ملاقات کے دوران جام کمال نے پاکستان کبڈی کے آئندہ میچز گوادر میں کروانے کی پیشکش کی جسے چوہدری شجاعت نے قبول کر لیا۔چوہدری شجاعت نے ملاقات کے دوران کہا کہ ملک میں سیاسی رواداری کی جتنی ضرورت اس وقت ہے پہلے کبھی نہ تھی۔ جام کمال نے چوہدری پرویز الٰہی کے دور کے اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ٓاپ کے دور کا ریسکیو 1122کا منصوبہ بلوچستان میں بھی شروع کیا جام کمال نے کہا کہ چودھری برداران کے ساتھ تعلق ذاتی ہے یہ رشتہ ہمیشہ برقرار رہے گا۔