پشاور (خصوصی نامہ نگار)پراونشل ڈاکٹرز ایسوسی ایشن (پی ڈی اے) نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کوہاٹ میں مریض کے لواحقین کی جانب سے ہسپتال عملے کو ہراساں اور زدوکوب کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ واقعہ میں ملوث افراد کے خلاف سیکورٹی ایکٹ 2020 کے تحت ایف آئی آر درج کی جائے۔ پی ڈی اے کے مطابق ہسپتال کے امراض قلب وارڈ میں ایک انتہائی سیریس مریض دل کا دورہ پڑنے دم توڑ گیا جس پر لواحقین آپے سے باہر ہوگئے ،ڈاکٹروں کے ساتھ نہ صرف گالم گلوچ بلکہ ان کو ہراساں اورزد وکوب کیا، مریض بعد از کورونا پیچیدگیوں اور نمونیا کے ساتھ پہلے میڈیکل وارڈ میں داخل تھا آکسیجن کنسنٹریٹر کیساتھ سیچوریشن 78 تھی ، ای سی جی پر اینٹیرولیٹرل وال ایم آئی تشخیص ہوئی اور ساتھ میں ہارٹ فیل ہوامریض کے انتقال پر لواحقین نے عملے کو ہراساں کیا۔ پی ڈی اے نے خبردار کیا ہے اگر ڈاکٹروں کو انصاف فراہم نہیں کیا گیا تو کوہاٹ کے تمام ہسپتالوں یں ان اور آؤٹ ڈور سروسز بند کی جائیں گی جس کی ساری ذمہ داری حکومت پر ہوگی۔