پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فرنچائز لاہور قلندرز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) عاطف رانا نے پی ایس ایل التوا کو غلطی قرار دیدیا ہے۔
ایک بیان میں لاہور قلندرز کے سی ای او نے کہا کہ غلطیاں سب سے ہوتی ہیں، پی ایس ایل ملتوی ہونا بھی غلطی تھی۔
عاطف رانا کا کہنا تھا کہ ماضی میں جو ہوا سو ہوا، اب ہمیں مستقبل میں غلطی نہیں کرنا ہوگی، چیئرمین احسان مانی نے فرنچائزز کو رابطے کا یقین دلایا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم 100 فیصد بائیوسیکور ببل بنا بھی سکتے ہیں اور عمل بھی کرسکتے ہیں، امید ہےجلد شائقین پی ایس ایل کے میچز دیکھ سکیں گے۔
سی ای او لاہور قلندرز نے یہ بھی کہا کہ چیلنجز ضرور ہیں لیکن پی ایس ایل اب پہلے سے بھی بہتر ہوگی، پی ایس ایل میچز ملتوی ہونے کا افسوس ہے۔
دوسری طرف لاہور قلندرز کے چیف آپریٹنگ آفیسر (سی او او) ثمین رانا نے پی ایس ایل میچز کے التوا کو بہترین فیصلہ قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ انسانی صحت اور زندگی کی سب سے زیادہ اہمیت ہے، نقصان اور دکھ اپنی جگہ لیکن یہ بہترین فیصلہ تھا۔
ثمین رانا نے مزید کہا کہ باقی ماندہ میچز کا جلد از جلد کرانا ایک چیلنج ہے، دو تین ونڈوز زیرغور ہیں، کوشش ہے اچھے انداز میں میچز ہوں۔
اُن کا کہنا تھا کہ پی سی بی کے ساتھ کل دوبارہ میٹنگ ہے، امید ہے کوئی راستہ نکال لیں گے، پی سی بی کے ساتھ مل کر بہتر سے بہتر کرنے کی کوشش کریں گے۔