کراچی سے اسلام آباد کیلئے روانہ ہونے والی نجی ایئرلائن کی پرواز کو اسلام آباد میں موسم کی خرابی کی وجہ سے لاہور میں اتار لیا گیا۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ بھی اس جہاز میں مسافر تھے۔
سول ایوی ایشن ذرائع کے مطابق کراچی سے ائیربلو کی پرواز پی اے 204 معمول کے مطابق شام ساڑھے پانچ بجے اسلام آباد کیلئے روانہ ہوئی۔ شیڈول کے مطابق جہاز کو شام ساڑھے سات بجے اسلام آباد ائرپورٹ پر اترنا تھا۔
کپتان لینڈنگ کی تیاری کر رہا تھا کہ اسلام آباد میں موسم کی خرابی کی وجہ سے ایئر ٹریفک کنٹرول نے انہیں پرواز کو لاہور لے جانے کی ہدایت کی۔ فلائٹ اس وقت منڈی بہاؤالدین کے اوپر پرواز کر رہی تھی۔ کپتان نے جہاز کا رخ لاہور کی طرف موڑ دیا۔ پرواز لاہور کے علامہ اقبال انٹر نیشنل ائیر پورٹ پر باحفاظت لینڈ کرگئی ہے۔
وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ بھی اسی پرواز میں سوار تھے۔ ایئر لائن ذرائع کے مطابق تمام مسافروں کی لاہور ایئرپورٹ پر خوب خاطر مدارات کی گئی۔
بعداذاں اسلام آباد میں موسم ٹھیک ہوتے ہی پرواز نئے کال سائن اے بی کیو 204 کے ساتھ منزل کے لیے روانہ ہوئی اور رات دس بجے یہ پرواز اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر بحفاظت اتر گئی۔
وزیراعلی سندھ کے ترجمان کے مطابق مراد علی شاہ نے لاہور ایئرپورٹ پر بھی وقت ضائع کرنے کے بجائے سندھ کے اہم معاملات پر ملاقاتیں کیں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے لاہور ایئرپورٹ کے وی وی آئی پی لائونج میں سندھ کی سیاحت کے فروغ سے متعلق بریفنگ لی۔ ایک ایوی ایشن کمپنی کے حکام نے سندھ کی سیاحت سے متعلق وزیراعلی سندھ کو بریفنگ دی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے سیاحت کے فروغ کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرادی، انہوں نے ایوی ایشن کمپنی کے وفد کو وزیراعلیٰ ہائوس کراچی طلب کرلیا۔