• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پشاور،ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر1ماہ میں 22ہزار سے زائد افراد جرمانہ

پشاور(کرائم رپورٹر) سٹی ٹریفک پولیس پشاور نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر گزشتہ ماہ 1 لاکھ 22 ہزار سے زائد افراد کا چالان کیا۔ چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت کی ہدایت پر سٹی ٹریفک پولیس پشاور کی ایجوکیشن ٹیمیں شہر کے مختلف سیکٹروں میں شہریوں کو ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی دیتی ہیں اس سلسلے میں شہر کے مختلف سیکٹروں میں سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے اہلکاروں کی جانب سے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر گزشتہ ایک ماہ میں 1 لاکھ 22 ہزار 463 افراد کا چالان کیا گیا جن سے جرمانوں کی مد میں لاکھوں روپے حاصل کر کے سرکاری خزانہ میں جمع کئے گئے۔ چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے کہا ہے کہ شہری ٹریفک قوانین کی پاسداری کریں اور دوران سفر حد رفتار کم سے کم رکھیں تاکہ ان کی زندگیاں محفوظ بن سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس پشاور کی جانب سے سڑکوں پر شہریوں کو جرمانہ کرنے کا مقصد ان کا اصلاح ہے تاکہ وہ آئندہ کسی قسم کی ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی نہ کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے افسران اور اہلکار گرمی اور سردی کے موسم کی پرواہ کئے بغیر شہریوں کی خدمت کیلئے سڑکوں پر ڈیوٹی انجام دیتے ہیں تاکہ انہیں سفری سہولیات سمیت بہترین ٹریفک کا نظام میسر ہو اور وہ بروقت اپنی منزل مقصود تک پہنچیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہری بھی ٹریفک افسران اور اہلکاروں کے ساتھ مکمل تعاون کریں اور محب وطن شہری ہونے کا ثبوت دیں۔
تازہ ترین