• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گزشتہ برس دنیا بھر میں 65 صحافی فرائض کی انجام دہی کے دوران ہلاک ہوئے

سال 2020 کے دوران دنیا بھر میں 65 صحافی و دیگر میڈیا اسٹاف اپنی صحافتی خدمات کی انجام دہی کے دوران ہلاک ہوئے۔

یہ بات صحافیوں کی بین الاقوامی تنظیم آئی ایف جے (IFJ) نے آج جاری کردہ اپنی سالانہ رپورٹ میں بتائی۔

آئی ایف جے کے مطابق دنیا کے 16 ممالک میں یہ 65 افراد اپنی ذمہ داریوں کی ادائیگی کے دوران ٹارگٹڈ حملوں، بم حملوں اور کراس فائرنگ کے دوران نشانہ بنے۔

رپورٹ کے مطابق 2020 میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 2019 کے مقابلے میں 17 زیادہ ہے۔ اس طرح 1990 سے لیکر 2020 تک دنیا بھر میں ہلاک ہونے والے صحافیوں اور دیگر میڈیا ورکرز کی مجموعی تعداد 2680 تک جا پہنچی ہے۔

رپورٹ کے مطابق یہ صحافی زیادہ تر جن وجوہات کی بنا پر ہلاک ہوئے ان میں منظم مجرموں کے گروہ، شدت پسند اور نسلی تشدد شامل ہیں۔ جبکہ یہی چیزیں آج بھی صحافیوں میں خوف کی وجہ ہیں۔

اس رپورٹ کے اجراء کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انٹرنیشنل فیڈریشن آف جرنلسٹس کے سیکٹری جنرل انتھونی بیلانگر نے کہا کہ اس لحاظ سے دیکھا جائے تو 2020 بھی دیگر سالوں سے مختلف نہیں تھا۔

میکسیکو میں جرائم کی دنیا کے بے رحم بادشاہ، پاکستان ،افغانستان اور صومالیہ میں شدت پسندوں کے حملے، بھارت اور فلپائن میں سخت گیر رویے  کے حامل افراد کی دوسروں سے متعلق عدم رواداری نے اس خون خرابے کو جاری رکھنے میں اپنا بھرپور حصہ ڈالا۔

2020 کے متعلق آئی ایف جے کی اس سالانہ رپورٹ میں ہلاکتوں کے لحاظ ممالک کی جو رینکنگ کی گئی ہے اس میں صحافیوں کی 14 ہلاکتوں کے ساتھ میکسیکو پہلے نمبر پر ہے۔


جبکہ افغانستان میں 10، پاکستان میں 9، بھارت میں 8، فلپائن 4، شام 4، نائجیریا اور یمن میں تین تین صحافی و میڈیا ارکان کو ہلاک کیا گیا۔ اس کے علاوہ عراق اور صومالیہ میں دو دو جبکہ بنگلہ دیش، کیمرون، ہنڈوراس، پیراگوئے، روس، اور سویڈن جیسے ممالک میں ہر جگہ ایک صحافی جان سے گیا۔

آئی ایف جے کی اس رپورٹ میں پہلی مرتبہ اپنے کام کی وجہ سے جیل جانے والے صحافیوں کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق اس وقت دنیا بھر میں 229 صحافی اپنے پیشہ ورانہ امور کی وجہ سے جیلوں میں بند ہیں۔

یاد رہے کہ یورپین دارالحکومت برسلز میں موجود انٹرنیشنل فیڈریشن آف جرنلسٹس (IFJ) دنیا کے 146 ممالک کے 6 لاکھ سے زائد صحافیوں کی نمائندہ تنظیم ہے۔

تازہ ترین