• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیب کی درخواست مریم نواز کی زباں بندی کی کوشش ہے، شاہد خاقان عباسی


پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما و سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ مریم نواز کے خلاف لاہور ہائی کورٹ میں نیب کی درخواست مریم نواز کی زباں بندی کی کوشش ہے، احتساب کے ادار ے احتساب سے بالاتر نہیں، یہ بات چیئرمین نیب کو جتنی جلد سمجھ آجائے بہتر ہوگا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ضمانت منسوخی بہت ہی مخصوص حالات میں کی جاتی ہے، نیب کو تکلیف ہے کہ مریم نواز قومی نوعیت کے معاملات پر گفتگو کرتی ہیں۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ  نیب نے درخواست میں لکھا کہ مریم نواز حکومت، ریاستی اداروں کے خلاف بات کرتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر مریم نواز حکومت کے خلاف بات کرتی ہیں تو حکومت کارروائی کرسکتی ہے، مریم نواز اگر اداروں کےخلاف بات کرتی ہیں تو ادارے کارروائی کرسکتے ہیں۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ نیب چیئرمین سپریم کورٹ کے جج رہے ہیں ان کو قانون کا پتا ہے، یہ درخواست کیا چیئرمین نیب کی مرضی کے ساتھ دی گئی ہے یا ان کی مرضی کے بغیر۔

رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ  نیب کو مریم نواز سے تکلیف ہے وہ تکلیف بھی دور ہو جائے گی، مریم نواز کو جس کیس میں ضمانت دی گئی ہے اس درخواست میں اس کا ذکر تک نہیں، درخواست میں نہیں لکھا ہے کیا مریم نواز نے کسی گواہ پراثر انداز ہونے کی کوشش کی۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ نیب احتساب کا ادارہ نہیں ہے، یہ سیاسی وفا داری  تبدیل کروانے کا ادارہ ہے، نیب کی حقیقت اس پٹیشن سے سامنے آگئی ہے، نیب شاہ سے زیادہ شاہ کا وفا دار ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ  پٹیشن میں کہا گیا کہ مریم نواز نے نیب کو دھمکانے کی کوشش کی ہے، نیب کے ادارے نے پوری حکومت کو مفلوج کر رکھا ہے، مگر نیب کہہ رہا ہے کہ مریم نواز نے ادارے کو مفلوج کر رکھا ہے۔

 شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ یہ سارے تماشے مریم نواز کی زبان بندی کی کوشش ہے، یہ سارے تماشے ڈرانے دھمکانے کی کوشش ہے، امید ہے وقت ضائع کرنے پر عدالت پٹیشن مسترد بھی کرے گی اور جرمانہ بھی کرے گی۔

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ براڈ شیٹ میں نیب نے جرمانہ دیا ہے، یہاں بھی جرمانہ دے کر گھر جائے گا، نیب ملک میں سیاست کا فرنٹ لائن کھلاڑی ہے، حکومت نیب کے پیچھے کھڑے ہو کر سیاست کرنا چاہتی ہے۔

 شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ نیب کا ایک مقصد رہ گیا ہے کہ سیاست کھیلی جائے، زبان بندی اور آئینی حق سے محروم کرنے کی کوشش ہے۔


رہنما مسلم لیگ نے کہا کہ مریم نواز اور مسلم لیگ ن حق کی بات کرتی رہے گی، ہم نا کیسوں سے گھبراتے ہیں اور نا جیل سے گھبراتے ہیں۔

 شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ احتساب کے ادارے احتساب سے بالاتر نہیں ہوتے، جتنی جلد یہ بات نیب چیئرمین کو سمجھ آجائے بہتر ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی اداروں کے نام کی ویڈیو میں نے نہیں دیکھی، نیب کا اس بات سے تعلق نہیں کہ مریم نواز حکومت کے خلاف بات کررہی ہیں، نیب حکومت گٹھ جوڑ نہیں چلے گا۔

تازہ ترین