• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیب کی درخواست مریم نواز کی زباں بندی کی کوشش ہے، ن لیگ

اسلام آباد،لاہور(مانٹیرنگ ڈیسک، ایجنسیاں) مسلم لیگ (ن)کے مرکزی رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ نیب چاہتا ہے کہ مریم نواز کی زبان بندی کی جائے۔ 

انہوں نے کہا کہ نیب ملک میں سیاست کررہا ہے، مریم نواز قومی معاملات پر گفتگو کرتی ہیں کہا گیا مریم نواز اداروں کے خلاف بات کرتی ہیں،پرویز رشید نے کہا کہ حکومت کو لانگ مارچ عوامی سیلاب میں تبدیل ہونے کا خوف ہے۔ 

ہفتہ کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ لاہور ہائی کورٹ میں مریم نواز کی ضمانت منسوخی کی درخواست دائر کی گئی ہے،ضمانت بہت ہی مخصوص حالات میں منسوخ کی جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیب احتسا ب کا ادارہ نہیں ہے، یہ انتقام کا ادارہ ہے کہا گیا کہ مریم نواز نے نیب کو ڈرانے اور دھمکانے کی کوشش کی،مریم نواز اگر اداروں کیخلاف بات کرتی ہیں تو ادارے کارروائی کرسکتے ہیں، اگر مریم نواز حکومت کیخلاف بات کرتی ہیں تو حکومت کارروائی کرسکتی ہے۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ نیب چیئرمین سپریم کورٹ کے جج رہے ہیں ان کو قانون کا پتہ ہے کیا یہ درخواست چیئرمین نیب کی مرضی کیساتھ دی گئی ہے یا ان کی مرضی کے بغیر۔ نیب کو مریم نواز سے تکلیف ہے وہ تکلیف بھی دور ہوجائے گی۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ امید ہے عدالت کا وقت ضائع کرنے پر نیب کو جرمانہ دینا پڑے مزیدبرآں مسلم لیگ ( ن ) کے سینئر رہنما ء پرویز رشید نے کہا ہے کہ حکومت کو لانگ مارچ عوامی سیلاب میں تبدیل ہونے کا خوف کھائے جارہا ہے ،نیب عمران کے جذبہ انتقام کا آلہ کار بن چکے ہیں۔

ہفتہ کے روز اپنےسوشل میڈیا پیغام میں انھوں نے کہا ہے کہ مریم نواز قاتلانہ حملے کے باوجود نیب دفتر کے دروازے پر پہنچ گئی تھی اگر کہیں تو پھر آ جائیں گی ۔

تازہ ترین