ملتان (نمائندہ جنگ ) سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ سینیٹ میں قانونی اور اخلاقی فتح ہماری ہوئی ہے۔ ہمارے ووٹ غلط مسترد کیے گئے، ہمارے ووٹ غلط مسترد کیے گئے، ہر لحاظ سے ہم ہی جیتے ہیں، تمام قانونی اقدامات اٹھائینگے، جس طریقے سے حکومتی پریزائیڈنگ آفیسر نے ووٹ مسترد کیے ساری دنیا نے وہ طریقہ غلط قرار دیا ہے۔ سابق ججز اور تمام قانون دان ہمارے ووٹوں کوصحیح قرار دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم اپنے حق کے حصول کے لیے تمام قانونی اقدامات اٹھائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں اپنی رہائش گاہ پر ملتان سے تعلق رکھنے والے ممبر پنجاب کونسل و امیدوار پی پی 217 ملک ارشد اقبال بھٹہ کی قیادت میں وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔
اس موقع پر ریاض بخاری، مرزا علی مغل، ملک ماجد سعید، راؤ کلیم جاوید، محمد ساجد سمیت دیگر افراد بھی موجود تھے۔ سابق ایم این اے عبدالقادر گیلانی نے کہا کہ کارکن صبر اور حوصلے سے کام لیں، حکومت منفی ہتھکنڈوں سے ہمارے حوصلے پست نہیں کرسکتی حکومت کا ہر محاذ پر ڈٹ کر مقابلہ کریں گے اور اسے شکست فاش دیں گے۔
ملک ارشد اقبال بھٹہ نے کہا ہم ہر محاذ پر سید یوسف رضا گیلانی کے ساتھ ہیں۔ واضح ہوچکا ہے کہ حکومت قومی اسمبلی کے بعد سینیٹ میں بھی شکست سے دوچار ہو چکی ہے۔