• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت گمشدہ افراد کی بازیابی میں سنجیدہ نہیں، جوائنٹ ایکشن کمیٹی

کراچی(پ ر )جوائنٹ ایکشن کمیٹی فار شیعہ مسنگ پرسنز اور لاپتا افراد کے اہل خانہ نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اپنے پیاروں کی تاحال عدم بازیابی پر شدید اضطراب کا اظہار کیا۔ مولانا ڈاکٹر عقیل موسیٰ، مولانا صادق جعفری، علامہ مبشر حسن،علمدار حیدر،علی حسین نوید کا کہنا تھا کہ حکومت اور ذمہ دار ریاستی ادارے گمشدہ افراد کی بازیابی میں غیر سنجیدہ ہیں۔گزشتہ کئی سالوں سے ہمیں محض رسمی وعدوں اور طفل تسلیوں سے بہلایا جا رہاہے۔اگر ہمارے نوجوان رواں ماہ کے اختتام تک بازیاب نہ ہوئے تو جبری گمشدگان کے اہل خانہ 2اپریل سے پورے ملک میں احتجاج کریں گے۔انہوں نے کہا کہ جن افراد کو گھروں سے اٹھایا گیا ہے اگر وہ کسی جرم میں ملوث ہیں تو آئین اور قانون کے مطابق انہیں عدالتوں کے سامنے پیش کیا جانا چاہیے۔۔متعلقہ اداروں کی طرف سے مسلسل یقین دہانیوں کے باوجود گمشدہ افراد کو منظر عام پر لانے کی بجائے مذید افراد کی خفیہ پکڑ دھکڑ بھی جاری ہے۔آئے روز بے گناہ افراد با اختیار اداروں کے ظلم و ستم کا شکار بن رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جبری گمشدہ افراد اگر مجرم ہیں تو انہیں قانون کے مطابق سزا دی جائے۔کسی کو ماورائے عدالت سزا دینے کا اختیار حاصل نہیں۔

تازہ ترین