• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کووڈ19 ویکسی نیشن؛ یکساں پالیسی کے فقدان سے سینئر شہری الجھن کا شکار

اسلام آباد (طارق بٹ) کووڈ19 کی ویکسی نیشن کے لئے یکساں پالیسی کے فقدان نے سینئر شہریوں میں الجھن پیدا کردی ہے جو اپنے گھروں سے بہت دور ویکسی نیشن مراکز کے مقام کی وجہ سے بھی تکلیف کا سامنا کر رہے ہیں۔ انہیں ہیلپ لائن کی جانب سے انجکشن لگانے کیلئے آگاہ کرنے والے ٹیکسٹ پیغامات موصول نہ ہونے سے بھی مزید پریشانی ہوتی ہے۔ یہ اس وقت ہو رہا ہے جب حکومت بزرگوں کو ویکسین لگوانے کی ترغیب دینے کی خواہاں ہے۔ لاہور کے ایکسپو سینٹر میں قائم ایک میگا سینٹر، جو لوگوں کے مطابق اچھا کام کررہا ہے ، جو اس کا دورہ کرچکے ہیں ، وہ بغیر اپائنٹمنٹ کے پہنچنے والے 60 سال سے زائد عمر کے افراد کو بھی ویکسین دے رہے ہیں۔لیکن پنجاب میں کہیں بھی کوئی پوائنٹ یہ سہولت مہیا کرنے کو تیار نہیں۔ درحقیقت اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری میں قائم حفاظتی ٹیکوں کے مراکز 60 سے اوپر اور 65 سال سے کم عمر افراد اور ہیلپ لائن سے کوڈ نمبر حاصل نہ کرنے والوں کو ویکسین پلانے سے انکار کردیتے ہیں۔ پنجاب کے وزیر ہاشم جوان بخت نے ٹوئٹ کیا کہ ویکسی نیشن کیلئے ابھی اندراج کرائیں۔ ہم نے حفاظتی ٹیکوں کے مراکز قائم کیے ہیں جہاں پیشہ ور عملہ آپ کی مدد کے لئے دستیاب ہے۔ پہلی ترجیح بزرگ شہریوں کی ہے۔ انہوں نے وزیر صحت پنجاب یاسمین راشد کی ٹوئٹ، کوئی پیغام / معلومات جو حکومت کی طرف سے نہیں ہے تصدیق کے بغیر شیئر نہیں کی جانی چاہئے، کےبعد اپنی پوسٹ حذف کردی۔ 1166 کے ساتھ اپنا اندراج کرنے والے تمام افراد کو ایک ایک کرکے ایس ایم ایس کے ذریعہ حفاظتی ٹیکوں کے لئے حفاظتی ٹیکوں کے مراکز میں بلایا جارہا ہے۔

تازہ ترین