• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلام آباد کے 3 سیکٹرز میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ


کورونا وائرس وباء کی تیسری لہر کے باعث اسلام آباد کے تین سیکٹرز میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کر دیا گیا ہے جبکہ اسکولوں میں چھٹیاں کر دی گئی ہیں۔ ماسک نہ پہننے والوں پر ایک ہزار سے 35 ہزار روپے تک جرمانہ ہوگا۔

ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر (ڈی ایچ او) کے مطابق اسلام آباد میں اسمارٹ لاک ڈاؤن ایف الیون ون، آئی ایٹ فور اور آئی ٹین ٹو میں کیا جا رہا ہے۔

ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) اسلام آباد نے بتایا کہ ماسک کے استعمال کے لیے دفعہ 144 کا نفاذ کر دیا گیا ہے، ماسک نہ پہننے والوں کےخلاف کارروائی کی جائے گی۔

ضلعی انتظامیہ نے کہا ہے کہ دفعہ 144 کا نفاذ 2 ماہ کے لیے کیا گیا ہے، اس کی خلاف ورزی پر ایک سے 35 ہزار روپے تک جرمانہ کیا جاسکتا ہے۔

دوسری جانب اسلام آباد کے تعلیمی اداروں میں کورونا وائرس کے باعث چھٹیاں کردی گئی ہیں،چھٹیاں 15 مارچ سے 28 مارچ تک دی گئی ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ جن تعلیمی اداروں میں امتحانات ہو رہے ہیں وہ کھلے رہیں گے۔

واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس سے مزید 29 افراد انتقال کرگئے ہیں، گزشتہ 24 گھنٹے کےدوران کورونا کے 2 ہزار 253 نئے مریض سامنے آئے ہیں، 14 مارچ کو 44 ہزار سے زیادہ کورونا ٹیسٹ کیے گئے، مثبت کیسز کی شرح 5اعشاریہ 1 فیصد رہی۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 48 ہزار81کورونا وائرس سے متاثرہ مریض اب تک سامنے آئے ہیں، جبکہ اب تک یہاں کُل 526 افراد اس وباء سے جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

تازہ ترین