• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت ملک چلانے کی اہل نہیں ہے یا فیصلے کرنے کی؟، جسٹس فائز عیسیٰ


جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس نہ ہونے پر اظہار برہمی کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ حکومت ملک چلانے کی اہل نہیں ہے یا فیصلے کرنے کی؟ دو ماہ سے مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس کیوں نہیں ہوا؟

سپریم کورٹ میں جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں 2 رکنی بنچ نے بلدیاتی انتخابات کیس کی سماعت کی ۔

جسٹس عیسیٰ نے کہا کہ پاکستان چلانے کی بنیاد ہی مردم شماری ہے، کیا مردم شماری کے نتائج جاری کرنا حکومت کی ترجیح نہیں؟ تین صوبوں میں حکومت کے باوجود کونسل میں ایک فیصلہ نہیں ہو رہا۔

انہوں نے کہا کہ عدالتی حکم کے باوجود اجلاس ملتوی ہونا آئینی ادارے کی توہین ہے، کوئی جنگ تو نہیں ہو رہی تھی جو اجلاس نہیں ہوسکا، اب تو ویڈیولنک پر بھی اجلاس ہوسکتا ہے، مردم شماری 2017 ء میں ہوئی تھی چار سال گزر گئے۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس 24 مارچ کو ہوگا، حساس معاملہ ہے حکومت اتفاق رائے سے فیصلہ کرنا چاہتی ہے۔

جسٹس فائز عیسیٰ نے کہا کہ مشترکہ مفادات کونسل کی رپورٹ کو خفیہ کیوں رکھا گیا ہے؟ اچھا کام بھی خفیہ ہو تو شکوک و شبہات جنم لیتے ہیں، کیا ملک میں اس انداز میں حکومت چلائی جائے گی؟

جسٹس عیسیٰ نے کہا کہ عوام کو علم ہونا چاہیے کہ صوبے کیا کر رہے ہیں اور وفاق کیا کر رہا ہے، وفاقی حکومت کی تین صوبوں میں حکومت ہے،سندھ کے علاوہ کوئی صوبہ وفاقی حکومت کے فیصلوں سے اختلاف نہیں کرتا،کیا حکومت ایسے چلائی جاتی ہے جیسا ملک میں چل رہا ہے۔

قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ صوبوں کو بلائیں اور مردم شماری کا ہاں یا ناں میں فیصلہ کریں،ایڈیشنل اٹارنی جنرل صاحب سیکریسی ختم کریں،حکومت اپنے معاملات اور فیصلوں میں سیکریسی کو ختم کرے۔

سپریم کورٹ میں بلدیاتی الیکشن کیس کے دوران چیئرمین سینیٹ کے انتخاب کا تذکرہ بھی ہوا،جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے استفسار کیا کہ کیا سینیٹ چیئرمین کا انتخاب الیکشن کمیشن نے کرایا؟

ڈی جی لاء الیکشن کمیشن نے جواب دیتے ہوئے بتایا کہ چیئرمین سینیٹ کا انتخاب سینیٹ خود کراتی ہے، جسٹس فائز عیسیٰ نے سوال کیا کہ آئین میں کہاں لکھا ہے الیکشن کمیشن چیئرمین سینیٹ انتخاب نہیں کرائے گا؟

ڈی جی لاء الیکشن کمیشن نے کہا کہ آرٹیکل 60 کے تحت سینیٹ کا اختیار ہے کہ چیئرمین منتخب کرے،جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے پوچھا کہ کیا سینیٹ رولز میں لکھا ہے کہ الیکشن کمیشن کا تعلق نہیں؟ پھر انہوں نے کہا کہ چلیں اس کو ابھی رہنے دیں، ویسے چیئرمین سینیٹ کا الیکشن کرانے والا بندہ الیکشن کمیشن کا نہیں لگ رہا تھا۔

تازہ ترین