سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے اپوزیشن اتحاد (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کو استعفوں سے متعلق یقین دہانی پر لب کھول دیا۔
ن لیگ کا اہم اجلاس نواز شریف کی زیر صدارت ہوا، جس میں ملکی سیاسی صورتحال، لانگ مارچ اور حکومت مخالف تحریک سے متعلق لائحہ عمل مرتب کیا گیا۔
اجلاس کے بعد مریم نواز نے میڈیا کو بریفنگ دی، اس موقع پر صحافی نے استفسار کیا کہ’کیا ن لیگ استعفے دے رہی ہے؟ کیا آج مولانا فضل الرحمٰن کو استعفے دینے سے متعلق یقین دہانی کروائی گئی ہے؟
ن لیگی نائب صدر نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ پارلیمان سے استعفوں سے متعلق بات چیت جاری ہے، کل پی ڈی ایم اجلاس میں بھی اس پر بات ہوگی۔
انہوں نے اس حوالے سے مزید اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ جو استعفوں پر نہیں مانیں گے ہم انہیں منانے کی کوشش کریں گے۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ ہم نے بھی اُن کی بات مانی ہے، وہ ہماری بات بھی مانیں گے، پی ڈی ایم 10 جماعتوں کا اتحاد ہے اور تمام جماعتیں بڑے ایجنڈے پر متحد ہیں۔