کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو نیوز کے پروگرام جیو پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے رہنما مسلم لیگ نون احسن اقبال نے کہا کہ چیئر مین سینیٹ کے انتخاب میں حکومتی امیدوا ر کو جتوانے کیلئے ہمارے سات ووٹ ضائع قراردیئے گئے ۔ سینیٹ انتخابات کے بعد اپوزیشن اتحاد مزید مستحکم ہوا ہے،ان کا کہنا تھا کہ سات ووٹوں پردن کی روشنی میں ڈاکا ڈالاگیا ہے ۔اگر طاقت کے زور پر سینیٹ انتخاب کے اس طرح نتائج تبدیل ہوں گے تو پھر عام انتخابات میں کیا ہوگا ۔ یاسمین رشد نے کہا کہ جہاں جہاں مغربی ممالک میں مسافر آئے ہیں وہاں کورونا تیزی سے پھیل رہا ہے،جبکہ پارلیمانی سیکریٹری صحت سندھ کا کہنا تھا کہ سندھ میں بھی کورونا بڑھ رہا ہے، احسن اقبال کا مزید کہنا تھا کہ سینیٹ الیکشن میں ہونے والی دھاندلی سے پوری دنیا میں ہمارا مذاق اڑایاجارہا ہے ۔پی ڈی ایم کے جن سینیٹرز نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزاآفریدی کوووٹ دیئے ان کی خبرگیری ضرور ہونا چاہئے ۔پی ڈی ایم میں بداعتمادی نہیں ہے ،سینیٹ انتخابات کے بعد اپوزیشن اتحاد مزید مستحکم ہوا ہے ۔ دنیا کورونا سے لوگوں کوبچانے کی کوشش کررہی ہے اور پاکستان میں پریذائیڈنگ افسران کو اغوا کیا جارہا ہے ، سینیٹ میں خفیہ کیمرے لگائے جارہے ہیں ایسا تو افریقی ممالک میں بھی نہیں ہوتا ۔ شہبازشریف نے حکومت کو پیشکش کی تھی کہ ہمیں میثاق معیشت کرنا چاہئے سیاست اورمعیشت الگ رکھنا ہے لیکن حکومت نے کہا کہ ہم این آراومانگ رہے ہیں۔حکومت اپوزیشن کو نیچا دکھانے کیلئے الزامات عائد کرتی ہے ۔حکومت عوام کا اعتماد کھوچکی ہے جلد الیکشن کرائے جائیں تاکہ عوام کو موجودہ حکمرانوں سے چھٹکارا ملے ۔ رہنما پی ٹی آئی یاسمین راشد نے بتایا کہ کورونا کی نئی قسم پاکستان میں آچکی ہے ،جہاں مغربی ممالک سے مسافر آئے وہاں کورونا تیزی سے پھیل رہا ہے۔کورونا کیخلاف مسلسل جدوجہد کررہی ہے جب وائرس میں کمی آئی تو معاشی سرگرمیاں بحال کیں لیکن اب دوبارہ معاملہ سنگین ہورہا ہے جس کے باعث حفاظتی اقدامات کررہے ہیں ۔اسمارٹ لاک ڈاوٴن کامیابی سے جاری ہے پنجاب میں اگلے دو ہفتے تعلیمی ادارے بند رہیں گے ۔مذہبی وسیاسی اجتماعات بھی نہیں ہوں گے ،چھ بجے کے بعد بازار بند ہوگا ۔پنجاب بھر میں ویکسینیشن جاری ہے ۔ساٹھ سال سے زائد عمر کے لوگ ویکسینیشن کیلئے 1166پر خودکو رجسٹرڈ کرائیں۔کورونا کے ٹیسٹ کی تعداد بڑھاتے جارہے ہیں۔