مکان کی تعمیر یا تزئین نو کے دوران اسے خوبصورت بنانے کے لیے اندرونی اور بیرونی حصے کی منفرد انداز سے ڈیزائننگ کی کوشش کی جاتی ہے۔ تعمیراتی نقطۂ نظر سے دیکھا جائے تو مکان کا دلکش بیرونی ڈیزائن اس کے اندرونی حصے کی خوبصورتی اورترجمانی کے لیے بھی اہم ہے۔ انٹیریئر ڈیزائننگ کی طرح مکان کی بیرونی دلکشی بھی اسے چار چاند لگادیتی ہے۔
مکان کے اندر داخلے سے قبل ہی اس کا بیرونی ڈیزائن آنے والے کی توجہ اپنی جانب مبذول کروا لیتا ہے۔ تاہم، گھر کا بیرونی حصہ ڈیزائن کرنا ایک پیچیدہ عمل ثابت ہو سکتا ہے کیونکہ اس میں رنگوں، مواد اور مختلف زاویاتی شکلوں کا بڑی تعداد میں استعمال کیا جاتا ہے۔ کوئی معمار یا ٹھیکیدار ہی عموماً یہ ذمہ داری درست انداز سے نبھا سکتا ہے۔
مکان کا بیرونی ڈیزائن جتنا جدید اور تخیل سے ہم آہنگ ہوگا، اتنا ہی یہ اس کی قدر وقیمت بڑھانے کا باعث بنے گا۔ یہی وجہ ہے کہ نت نئے ٹرینڈز پر عمل کرنے والوں کی اکثریت مقبول ومعروف ٹرینڈز تلاش کرنے میں سرگرداں نظرآتی ہے۔ آپ بھی اپنے مکان کے بیرونی حصے کے لیے مقبول ٹرینڈز پر غور کیجیے۔
پاکستانیوں کی بڑی تعداد مشرقی طرز کے ساتھ مغربی طرز پربھی مکانات کی تعمیر میں دلچسپی رکھتی ہے۔ سب سے اہم بات مکان کے رقبے کو مدِنظر رکھتے ہوئے اس کے لیے ڈیزائن کا انتخاب کرنا ہے۔ دوسرا یہ کہ ڈیزائن ایسا ہونا چاہیے جو اندرونی اور بیرونی حصے کے درمیان ایک توازن اور مماثلت قائم کرے۔ ان باتوں کو ذہن میں رکھتے ہوئے آپ ذیل میں درج بیرونی ڈیزائنز میں سے کسی ایک کا انتخاب کرسکتے ہیں۔
روایتی اسٹائل
روایتی طرزکے مکان میں فن تعمیر کے خوبصورت روایتی نمونوں سے فائدہ اٹھایا جاسکتا ہے۔ اگر آپ کا مکان روایتی اسٹائل کا نہیں ہے تو ایسے بہت سے ڈیزائن دستیاب ہیں جو اس کے بیرونی حصے کو روایتی انداز فراہم کرسکتے ہیں۔ مختلف اسٹائلز کو روایتی ڈیزائننگ سے جوڑا جاسکتا ہے۔ دو یا تین منزلہ مکانات کے روایتی اسٹائل میں بڑے بڑے دروازے لازمی عنصر ہوتے ہیں جبکہ ایسے مکانات کی تعمیر کے لیےلکڑی اور سیمنٹ جیسے مواد کے امتزاج سے خوبصورت ڈیزائن تخلیق دیا جاتا ہے۔ یہ دونوں مواد پائیدار ہونے کی وجہ سے مکان کو مضبوطی فراہم کرتے ہیں، ساتھ ہی جاذب نظر بھی لگتے ہیں۔
رینچ اسٹائل
رینچ اسٹائل جدید اور دیہی وضع کا ایک خوبصورت اور منفرد اسٹائل ہے۔ اس اسٹائل میں مکان کی بنیاد اینٹوں پر رکھی جاتی ہے جبکہ باقی کی تعمیرات کے لیے لکڑی استعمال کی جاتی ہے۔ اس اسٹائل کے تحت تعمیر شدہ مکانات پھیلے ہوئے ہوتے ہیں۔ کھلے فرش کی منصوبہ بندی کے ساتھ رینچ اسٹائل کسی بھی مکان کے لیے بہترین ثابت ہوسکتا ہے۔ 17ویں صدی سے 19ویں صدی تک رینچ اسٹائل کے مکانات میں رہائش اختیار کی جاتی تھی، پھر 1932ء میں نئے دور کے حساب سے اس اسٹائل کو دوبارہ سامنے لایا گیا۔ تاہم، 1980ء کے بعد سے یہ اسٹائل آؤٹ آف فیشن ہو گیا مگر 1990ء کی دہائی میں یہ دوبارہ مقبول ہونا شروع ہوا۔ یہ قدیم رینچ ہوم اسٹائل امریکا میں سب سے زیادہ مقبول ہے۔
ماڈرن اسٹائل
ماڈرن اور روایتی بیرونی ڈیزائننگ کے حوالے سے عام طور پر تعمیراتی ماہرین اور عام افراد الجھن کا شکار ہوجاتے ہیں۔ تاہم جدیدیت، تاریخی آرٹ کی ہی ایک نئی شکل ہے۔ ماڈرن اسٹائل کی بیرونی ڈیزائننگ میں اوپن لیونگ ایریا ایک اہم عنصر ہے جسے سادہ، ہلکے اور گہرے رنگوں کے امتزاج کے ساتھ جیومیٹریکل لائننگ اسٹائل میں بنایا جاتا ہے۔ یہ اسٹائل مغربی ممالک میں تو عام ہے مگر مشرقی ممالک میں بھی اسے اپنایا جارہا ہے۔
کاٹیج اسٹائل
اس طرز کے مکانات بھی قدیم تاریخ رکھتے ہیں، قرون وسطیٰ کے دور کےیورپی کسان کاٹیج اسٹائل مکانات میں رہا کرتے تھے۔ لفظ ’کاٹیج‘کاٹر سے نکلا ہے، یہ اسٹائل چھوٹے گھروں کے لیے بہترین ہے، جو پتھروں اور لکڑی کی مدد سے تعمیر کیے جاتے ہیں۔ اس اسٹائل کے تحت بیرونی ڈیزائننگ کے لیے بل کھاتا داخلی راستہ، پتھر یا اینٹوں سے تعمیر کی گئی گزرگاہ (واک وے)اور شوخ رنگوں کا انتخاب کیا جاتا ہے۔ دورِ جدید میں اگر مکان کے بیرونی حصے اور صحن میں باغیچہ بنادیا جائے تو یہ کاٹیج اسٹائل کی خوبصورتی اور دلکشی میں مزید اضافہ کرے گا۔
فارم ہاؤس اسٹائل
اس اسٹائل کو بنانے کے لیے کوئی خاص ڈیزائن مخصوص نہیں بلکہ اس کا انحصار جگہ اور مکینوں کی خواہش پر ہوتا ہے کہ وہ کیسا ڈیزائن بنوانا چاہتے ہیں۔ فارم ہاؤ س اسٹائل عموماً دیہی علاقوں کی زمین پر تعمیر کیے جانے والے مکانات ہوتے ہیں لیکن اس کے لیے آپ جدید (وکٹورین یا کولونیل اسٹائل) یا قدیم میں سے کسی بھی ڈیزائن کا انتخاب کرسکتے ہیں۔
وکٹورین اسٹائل
آپ اپنے مکان کو وکٹورین گھروں سے تشبیہہ دینے کے لیے اس اسٹائل پر عمل کرسکتے ہیں۔ اس کے تحت تعمیر کیا گیا مکان دیگر مکانات کے مقابلے میں وسیع جگہ مہیا کرتا ہے۔ وکٹورین اسٹائل میں مکان کو غیر متناسب انداز اور مختلف حصوں پر مشتمل چھتوں کے ساتھ تعمیر کیا جاتا ہے، بیرونی خاکے کو شوخ رنگوں سے رنگا جاتا ہے جبکہ پورچ کے لیے بھی وسیع جگہ دستیاب ہوتی ہے۔ یہ اسٹائل عام طور پر مشرقی ممالک سے زیادہ مغربی ممالک میں مکانات کی تعمیر کے کے لیے چُنا جاتا ہے ۔