معاون خصوصی برائے وزیر اعلیٰ پنجاب فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے پاکستان نہ کھپے کا نعرہ لگانے والوں کو رسوائی ملی، زرداری صاحب کی شکر گزار ہوں کہ میرے بیانیے کی تصدیق کر دی۔
ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے پریس کانفرنس کے دوران پی ڈی ایم پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ کل پی ڈی ایم کی سیاست کا جنازہ نکل گیا، پی ڈی ایم رہنماؤں کے ہاتھ کچھ نہیں آیا، خالی ہاتھ واپس چلے گئے، یہ لوگ پاکستان کو عدم استحکام کی طرف لے جا رہے ہیں۔
ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ اپوزیشن کا غیر فطری اتحاد عوام کے لیے نہیں تھا، بے وقت کی راگنی، غیر فطری اتحاد ختم ہوگیا، کل ایک دوسرے کے کارنامے اور سیاہ کاریاں بیان کرتے رہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جو دوائی لینے اور ڈاکٹر کو دکھانے گئے تھے، ان کی بیٹی نے اعتراف جرم کر لیا، بیٹی نے کہا ان کی جان کو نیب سے خطرہ ہے، نیب کسی کی جان نہ لے سکتا ہے نہ دے سکتا ہے، جان لینے نہ لینے کا معاملہ اللّٰہ کے پاس ہے، نیب کے پاس نہیں، اصل خطرہ مال جانے کا خطرہ ہے، اصل خطرہ ان کے ابو کو مال جانے اور اثاثے جانے کا خطرہ ہے۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ انہیں اسحاق ڈار کے وعدہ معاف گواہ بننے کا خطرہ ہے، انہیں خطرہ ہے اسحاق ڈار کمزور دل اور کمزور ایمان والا شخص ہے۔
فردوس عاشق نے اپنی پریس کانفرنس کے دوران مزید کہا کہ اسحاق ڈار جس دن پاکستان آئے گا، وعدہ معاف گواہ بن جائے گا، اسحاق ڈار کا معاملہ گھر کا بھیدی لنکا ڈھائے جیسا ہوگا، ان لوگوں کا کام قوم کو گمراہ کرنا ہے، مافیا کی سرپرستی کرنا ہے۔