• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فلور پلان: گھر تعمیر کرنے کیلئے اہم ترین دستاویز

ہم سب کا خواب ہوتا ہے کہ ایک دن ہمارا اپنا گھر ہو۔ جب ہم اپنے گھر کی بات کرتے ہیں تو ہم اس کے اندر ہر چیز اپنی مرضی اور خواہش کے مطابق چاہتے ہیں۔ اس لیے ضروری ہے کہ تعمیر کا آغاز کرنے سے پہلے، ہر چیز کے بارے میں آپ کی سوچ اور منصوبہ واضح ہو جیسے کہ آپ کیا چاہتے ہیں اور وہ کیسے حاصل کریں گے؟ یہی وہ مرحلہ ہوتا ہے، جہاں ’فلور پلان‘ یا ’نقشہ‘ کا کردار شروع ہوجاتا ہے۔ دراصل، اپنے خوابوں کا گھر بنانے میں فلور پلان ہی بنیادی اور اولین سنگ میل ہوتا ہے، جس کی تیاری ناگزیر ہوتی ہے۔

فلور پلان کیا ہے؟

ہم میں سے اکثر لوگ بغیر کسی ماہرِ تعمیرات سے مشورہ کیے، گھر کی تعمیر کا آغاز کردیتے ہیں۔ ان کا نقشہ صرف ان کے ذہن میں ہوتا ہے۔ یہ ایک انتہائی غلط طریقہ تعمیر ہے، جس کے طویل مدت میں کئی نقصانات سامنے آتے ہیں۔ فلور پلان گھر کی تعمیر کے لیے اسکیل کیا گیا ایک خاکہ یا نقشہ ہوتا ہے، جس میں یہ واضح ہوتا ہے کہ آپ دستیاب جگہ میں کون سا کمرہ کس کونے میں اور کیسے تعمیر کریں گے؟

کمروں سے مراد بیڈ روم، لیونگ روم، کچن، ڈائننگ روم، اسٹور وغیرہ ہے۔ فلور پلان میں فرنیچر، گھر کے آلات اور ہر کمرے کا سائز بھی درج ہوتا ہے۔ کاغذ پر فلور پلان تیار ہونے کے بعد جب آپ اس پر ایک نظر ڈال کر گھر کے پورے نقشے کو اپنے ذہن میں رکھ کر تصور کریں گے تو تیار گھر کاخاکہ آپ کی آنکھوں کے سامنے اُبھر آئے گا۔ آپ اپنی ضرورت کے مطابق، فلور پلان کو 2ڈی یا 3ڈی میں تیار کرواسکتے ہیں۔ فلور پلان کی مدد سے آپ اپنے گھر میں مستقبل کی بڑھتی ضروریات کے مطابق، منصوبہ بندی کے ساتھ توسیع کرسکتے ہیں۔

فلور پلان کی اہمیت

فلور پلان کی اہمیت سے انکار ممکن نہیں۔ فلور پلان کے بغیر گھر کی تعمیر ایسے ہے، جیسے خیالی پلاؤ پکانا۔ گھر کی تعمیر کے لیے فلور پلان ایک بنیادی دستاویز کی حیثیت رکھتا ہے، جسے مدِنظر رکھ کر گھر ڈیزائن کیا جاتا ہے۔ یہاں تک کہ، فِنشنگ کے تمام کاموں جیسے وائرنگ، پلمبنگ، پینٹنگ اور ٹائلنگ کے لیے بھی فلور پلان ہی کو بنیادی اہمیت حاصل ہوتی ہے۔ گھر کی تعمیر میں فلور پلان آپ کو اس کے ڈیزائن اور ضروریات کی مکمل اور ہر رُخ سے حقیقی تصویر پیش کرتا ہے۔ 

فلور پلان کو دیکھ کر آپ پتہ لگا سکتے ہیں کہ تعمیر مکمل ہونے کے بعد کس چیز کے لیے آپ کے پاس کتنی جگہ دستیاب ہوگی؟ فلور پلان کو دیکھ کر آپ کو یہ بھی پتہ چلتا ہے کہ آپ کا گھر اندر سے کیسا نظر آئے گا؟ ایلی ویشن ڈرائنگ، اسٹرکچرل ڈرائنگ، بلیو پرنٹ اور تعمیر کے تمام مراحل کی بنیاد فلور پلان ہی فراہم کرتا ہے۔

جب فلور پلان سامنے ہوتا ہے تو آپ اس میں اپنی پسند اور ضرورت کے مطابق ضروری تبدیلیاں بآسانی کرسکتے ہیں۔ ڈیزائن میں اگر بروقت تبدیلیاں کردی جائیں تو اس سے بہت سارا وقت اور توانائی بچ جاتی ہے۔ ایک اور اہم بات، جب آپ کو گھر فروخت کرنا ہو تو گھر کی تصاویر کے ساتھ ساتھ فلور پلان خریدار کو گھر کی واضح شکل پیش کرنے میں زیادہ مددگار اور معاون ثابت ہوگا۔ اب یقیناً فلور پلان کی اہمیت سے متعلق آپ کے تمام خدشات دور ہوگئے ہوں گے۔

قابلِ غور پہلو

گھر کی تعمیر میں فلور پلان کی اہمیت جاننے کے بعد اب یہ جاننا ضروری ہے کہ اس کی تیاری میں کون سے قابلِ غور پہلو ہیں، جنھیں مدِنظر رکھنا ضروری ہے۔

بجٹ: فلور پلان ڈیزائن کرتے وقت بجٹ ایک ناگزیر پہلو ہے، جسے آپ کو مدِ نظر رکھنا ہوتا ہے۔ ہمیشہ تخمینہ کردہ بجٹ سے 20-15فیصد اضافی رقم کا بندوبست کرکے رکھیں کیونکہ دورانِ تعمیر لاگت بڑھنے سمیت کئی اَن دیکھے یاغیرمتوقع اخراجات سامنے آجاتے ہیں۔

حجم: فلور پلان تیار کرتے وقت آپ کو گھر کے سائز کو مدِ نظر رکھنا ہوتا ہے۔ آپ گھر کی کتنی منزلیں تعمیر کریں گے، کتنے کمرے، کچن اور باتھ رومز کی آپ کو ضرورت ہے؟ اپنے خاندان کی مستقبل کی ضروریات کو بھی مدنظر رکھیں، تب ہی آپ بہتر فیصلے پر پہنچ پائیں گے۔ اگر آپ خاندان بڑھانے کا منصوبہ رکھتے ہیں تو آپ کو مستقبل میں زیادہ بڑے گھر کی ضرورت ہوگی۔ 

ایک اور قابل غور پہلو آپ کی ’پرائیویسی‘ ہے۔ آپ گھر کے کچھ حصوں کو زیادہ پرائیویٹ رکھنا چاہتے ہیں، تو اس بات کو بھی آپ کو فلور پلان پر لانا پڑے گا۔ آپ کو یہ بھی دیکھنا ہوگا کہ آپ کے لیے ’اوپن فلور پلان‘ زیادہ موزوں رہے گا یا ’کلوز فلور پلان‘؟ اوپن فلور پلان میں جگہ کا اچھا استعمال ہوتا ہے جبکہ کلوز فلور پلان میں آپ زیادہ پرائیویسی حاصل کرسکتے ہیں۔

پلاٹ کی ہئیت: گھر کی تعمیر کے لیےآپ کو پلاٹ کی ہئیت (شیپ)کو بھی مدنظر رکھنا ہوگا۔ اپنے آرکیٹیکٹ کے ساتھ بیٹھ کر اس پر کام کریںتاکہ پلاٹ کے سائز اور ہئیت کا بہترین استعمال کیا جاسکے۔ بصورت دیگر، آپ کو تعمیراتی لاگت مہنگی پڑسکتی ہے۔

ماحولیاتی عناصر: اس کے علاوہ فلور پلان میں ماحولیاتی عناصر پر بھی غور کرنےکی ضرورت ہوتی ہے۔

تازہ ترین