• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز شریف نے گھر ٹھیک کرنے کا بیان دیا تو غدار قرار پائے، احسن اقبال

لاہور(نمائندہ جنگ)مسلم لیگ (ن) کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے کہا کہ 2016 میں نواز شریف نے اپنا گھر ٹھیک کرنے کا بیان دیا تو انہیں اس وقت غدار بنا دیا گیا، ڈان لیکس آ گئی،اگر انکی بات پر عمل کر لیا جاتا تو آج ایف اے ٹی ایف والا معاملہ نہ ہوتا ،ملکی سیاست سے اپنا گھر ٹھیک کرنے کا آغاز ہو گا تو ہی ملکی حالات بہتر ہو سکتے ہیں جس کیلئے آزاد ،صاف اور شفاف انتخابات کروائے جائیں، امید ہے پیپلز پارٹی پی ڈی ایم کیساتھ چلے گی ، پی ڈی ایم کی طاقت قائم و دائم ہے ، اگر پیپلز پارٹی ساتھ نہیں بھی چلتی تو بھی اس حکومت کو نکال کر اس ملک میں آئینی حکومت قائم کرینگے، حکومت مالیاتی خود مختاری کا سودا اور اسٹیٹ بینک کو آئی ایم ایف کا ذیلی دفتر بنا رہی ہے، حکومت ایسی قانون سازی کرنے جارہی ہے جس سے اسٹیٹ بینک کو عالمی داروں کے پاس گروی رکھوایا جارہا ہے ، اسٹیٹ بینک پاکستان کی بجائے عالمی اداروں کو جوابدہ ہوگا، عمران خان تسلیم کر لیں آپ سے حکومت نہیں چل رہی ، استعفیٰ دیں اور گھر جائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈاکٹر شذرہ منصب اور مائزہ حمید کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔احسن اقبال نے کہا کہ یہ المیہ ہے کہ اقتدار میں ایسے شخص کو بٹھا دیا گیا ہے جو جھوٹ بول کر اپنی نالائقی کو چھپانے کی کوشش کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان آج ہمارے شروع کیے گئے منصوبوں کے فیتے کاٹ رہے ہیں۔ آپ نے مزدوروں کے فلیٹس کے پرائے منصوبے کا افتتاح کر کے خود کو ورکرز کا مسیحا قرار دیا، ان ورکرز کیلئے نواز شریف نے 80 کی دہائی میں کام شروع کیا تھا ۔ آپ ہر بات پر قوم کے سامنے جھوٹ بولتے ہیں مخالفین پر کیچڑ اچھالتے ہیں اس طرح حکومت نہیں چل سکتی۔ اگر ہم نے چوری کی ہے تو ثابت کریں، جو چور ہوتا ہے وہ پانچ سالوں میں 3200ارب روپے کا ترقیاتی بجٹ خرچ کر سکتا ہے جو چور ہوتا ہے وہ 11ہزار میگا واٹ ،دو ہزار کلو میٹر موٹر ویز نہیں بناتا، دہشتگردی کا خاتمہ کرنے کے لئے فوج کو پانچ سوارب روپے نہیں دیتے جو چور ہوتا ہے وہ تاریخ کاسب سے بڑا دفاعی اور ترقیاتی بجٹ خرچ نہیں کر سکتا یہ وہی کر سکتے ہیں جو ملک کی خدمت کرنے پر یقین رکھتے ہیں۔

تازہ ترین