• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان فٹ بال فیڈریشن (پی ایف ایف) کی نارملائزیشن کمیٹی کے سربراہ ہارون ملک کا کہنا ہے کہ فٹبال چلے گی تو پی ایف ایف رہے گی۔

کراچی میں جیونیوز سے گفتگو میں ہارون ملک نے کہا کہ الیکشن کا شیڈول اپریل میں جاری کریں گے لیکن اہم بات مقابلوں کا بحال ہونا ہے۔

انہوں نے کہا کہ قومی فٹ بال ٹیم کے انٹرنیشنل میچز کے لئے بھارت سمیت تمام ایشین ملکوں سے بات ہوئی ہے۔


پی ایف ایف نارملائزیشن کمیٹی نے مزید کہا کہ کوشش ہے کہ فیفا کی جانب سے الیکشن کا ہدف وقت سے پہلے مکمل کرلیا جائے، لیکن کلب رجسٹریشن اور اسکروٹنی کا عمل تھوڑا لمبا ہوسکتا ہے، اپریل میں الیکشن کی جانب بڑھنے کے عمل کا شیڈول جاری کردیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پی ایف ایف میں فیفا کی مقرر کردہ نارملائزیشن کمیٹی کا پہلا ہدف فٹ بال کو جاری رکھنا بھی ہے اور اس پر کام جاری ہے کیونکہ اگر فٹبال چلے گی تو پی ایف ایف رہے گی۔

ہارون ملک کا کہنا تھا کہ پاکستان کی عالمی درجہ بندی پاکستان فٹ بال کے ٹیلنٹ کی عکاس نہیں، کوئی وجہ نہیں کہ پاکستان فٹ بال ٹیم دیگر ایشین ٹیموں کی طرح بہتر رینکنگ حاصل نہ کرسکے۔

انہوں نےیہ بھی کہا کہ کوشش ہے کہ پاکستان فٹ بال ٹیم کو زیادہ سے زیادہ میچز دیئے جائیں اور اس سلسلے میں پی ایف ایف نے ایشین ملکوں سے رابطہ کیا ہے۔

انہوں نے تصدیق کی کہ پاکستان فٹ بال فیڈریشن نے بھارت کو بھی لکھا ہے کیونکہ بھارت ایک بہتر رینکڈ ٹیم ہے اور پاکستان ٹیم کو اس سے کھیل کر فائدہ ہوگا۔

ہارون ملک نے کہا کہ پاکستان فٹبال لیگ کو پروفیشنل سطح پر ہونا چاہئے لیکن اس کے لئے بہت کچھ بہتر کرنا ہوگا۔

تازہ ترین