اپوزیشن جماعت مسلم لیگ (ن) یوتھ ونگ کے صدر کیپٹن (ر) محمد صفدر نے کہا ہے کہ ہم نے 3 ماہ کے دھرنے کی تیاری کرلی ہے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران کیپٹن (ر) محمد صفدر نے کہا کہ بڑی عید پر نوجوان ڈی چوک پر قربانی کریں گے، ن لیگ 3 ماہ تک دھرنا دینے کےلیے تیار ہے۔
انہوں نے کہا کہ لانگ مارچ کے لیے پارٹی قائد نواز شریف کو 1 لاکھ ورکرز کی فہرستیں دے دیں، کل کے کنونشن میں بھی 1 لاکھ نوجوان آئیں گے۔
ن لیگی رہنما نے مزید کہا کہ ’ووٹ کو عزت دو ‘ کی تحریک کراچی سے اسلام آباد تک چلے گی، ہر اُس جماعت کا احترام کرتے ہیں جو آئین کو بچانے کےلیے نکلے۔
اُن کا کہنا تھا کہ کوئی بھی اپوزیشن اتحاد (پی ڈی ایم) کی ٹرین پر نہیں چڑھے گا تو اُسے عوام مسترد کردیں گے۔
کیپٹن (ر) محمد صفدر نے یہ بھی کہا کہ سیاستدانوں پر انڈ ے اور سیاہی پھینکنے کا رویہ اچھا نہیں، سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں پر تو مقدمات بنتے ہیں، پرویز مشرف کو بھی سزا دی جائے۔
انہوں نے کہا کہ قومی احتساب بیورو (نیب) نے ملکی معیشت کو تباہ کردیا ہے، ہر کارروباری کو تنگ کیا جاتا ہے، وقت آئے گا کہ ہم نیب بیورو میں یونیورسٹی بنائیں گے۔
ن لیگی رہنما نے یہ بھی کہا کہ نیب سے شرفا تنگ ہیں، میں ایسےخاندان سے ہوں جہاں لکھاری پیدا ہوئے، مریم نواز کو پہلے بھی بلایا اب بھی بلالیں، 26 مارچ کو نیب میں پیش ہوں گے۔