• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خاتون سمیت تین کو زندہ بچا لیا گیا،حادثہ گاڑی کوڈیم کنارے تیز رفتاری سے گھمانے کے باعث پیش آیا

حطار(نامہ نگار) سیاحوں سے بھری گاڑی خانپور ڈیم میں ڈوب گئی، دو نوجوان جاں بحق جبکہ خاتون سمیت تین کو زندہ بچا لیا گیا، حادثہ گاڑیوں کوڈیم کے کنارے تیز رفتاری کے ساتھ گھمانے کے باعث پیش آیا، ریسکیو ٹیموں نے دو گھنٹے کی امدادی کاروائی کے بعد تین افراد کو ڈوبنے والی گاڑی سے زندہ بچالیا اور دو نعشیں نکالیں، جاں بحق ہونے والے بدقسمت دوست بحریہ ٹاؤن اسلام آباد سے خانپور ڈیم کی سیر کےلئے آئے تھے ۔ گزشتہ روز پرانے خانپور کے قریب سیاحوں سے بھری گاڑی تیز رفتاری کے بے قابو ہو کر ڈیم میں جا گری، مذکورہ گاڑی میں پانچ افراد جن میں نوشاد قمر ، راجہ آصف ، ساحرہ بی بی، محمد عبداللہ اور محمد الیاس سوار تھے پولیس ذرائع کے مطابق مذکورہ افراد گاڑی کو تیز رفتاری کے ساتھ ڈیم کے کنارے گھمارہے تھے کہ پھسلن کے باعث اچانک گاڑی بے قابو ہو کر ڈیم میں جاگری اور پانی میں ڈوب گئی ۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی اے سی خانپور مس سارہ تواب، ڈی اےس پی سرکل خانپور ابرار خان اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور دو گھنٹوں کی امدادی کاروائی کے بعد تین افراد نوشاد قمر ، راجہ آصف اور ساحرہ بی بی کو زندہ بچا لیا گیا تاہم دونوجوان26 سالہ عبداللہ اور25 سالہ محمد الیاس جاں بحق ہو گئے ۔ اطلاعات تک جاں بحق ہونے والے نوجوانوں کی نعشیں پانی سے نکال کرخانپور ہسپتال منتقل کردی گئی تھیں جبکہ زخمیوں کو بھی ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے، خانپور پولیس نے حادثہ کی رپورٹ درج کرکے تفتیش شروع کردی ۔
تازہ ترین