پاکستان شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ عتیقہ اوڈھو نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کو ماسک پہننے کا مشورہ دے دیا۔
عتیقہ اوڈھو نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کی تصویر شیئر کی جس میں وہ میڈیا سے گفتگو کر رہی ہیں جبکہ اُنہوں نے کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ماسک نہیں پہنا ہوا ہے۔
سینئر اداکارہ نے تصویر شیئر کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان سے مخاطب ہوکر لکھا ’میڈم! براہِ مہربانی ماسک پہن لیں۔‘
عتیقہ اوڈھو نے اپنے اگلے ٹوئٹ میں شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’جب حکومتی نمائندے ہی کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کر رہے ہیں تو پھر یہ عوام سے کیسے کورونا ایس او پیز پر عمل کرنے کی توقع کرسکتے ہیں۔‘
اُنہوں نے اپنے ایک اور ٹوئٹ میں لکھا کہ ’میں یہ دیکھ کر حیران رہ گئی کہ کیسے حکومتی نمائندے بھی تقریبات اور پریس کانفرنس کے دوران ماسک نہیں پہنے ہوئے۔‘
اداکارہ نے مزید کہا کہ ’میں اتفاق کرتی ہوں کہ عوام ہر طرف سے بے وقوف بن رہے ہیں لیکن اُنہیں سیدھا راستہ دکھانا عوامی شخصیات کی ذمہ داری ہے۔‘
عتیقہ اوڈھو کے ان سلسلہ وار اور معنی خیز ٹوئٹس پر صارفین کی بڑی تعداد اُن کی حمایت کر رہی ہے۔