• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آصف زرداری نے کہا وہ کمزور آدمی ہیں، اسٹیبلشمنٹ سے نہیں لڑسکتے، رانا ثناء اللّٰہ


پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثناء اللّٰہ نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم سربراہی اجلاس میں آصف زرداری کی تقریر کے دوران لوگوں نے انہیں بتایا کہ باہر تماشا چل رہا ہے، جس کے بعد آصف زرداری کی تقریر بیچ میں رکوانا پڑی۔

جیو نیوز کے پروگرام ’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء نے کہا کہ آصف زرداری نے اپنی تقریر کے دوران پینترا بدلا اور کہا کہ وہ تو کمزور آدمی ہیں، اسٹیبلشمنٹ سے لڑ نہیں سکتے۔

رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ آصف زرداری نے اسٹیبلشمنٹ سے نہ لڑنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ ان کا ایک ہی بیٹا ہے اور کوئی نہیں ہے۔

انہوں  نے کہا کہ آصف زرداری نے جوباتیں کیں اس پر مریم نواز نے اعتراض کیا، آصف زرداری نے مریم نواز سے معذرت کی۔

رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ سیاست میں ہر کوئی اپنے معاملات کو خود دیکھتا ہے، پی ڈی ایم میں طے ہوا تھا کہ سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر ن لیگ کا ہوگا، جے یو آئی (ف) کے 5 ووٹ فیصلہ کن ہیں، پی ڈی ایم الیکشن اتحاد نہیں، پی ڈی ایم کی 9 جماعتیں ایک طرف ہیں پیپلز پارٹی دوسری طرف ہے۔

انہوں نے کہا کہ اختلافات صرف بیانات کی حد تک ہیں، پی ڈی ایم کے اجلاس کو سبوتاژ کیا گیا، آصف زرداری نے جو باتیں کیں ان کی ریکارڈنگ موجود ہے، اس دن سمجھ نہیں آیا کہ آصف زرداری کہنا کیا چاہتے ہیں۔

تازہ ترین