سانگھڑ کے سرکاری اسپتال میں مریض کی منتقلی کے دوران ایمبولینس خراب ہوگئی۔ لواحقین گاڑی کو دھکا لگاتے رہے لیکن گاڑی اسٹارٹ نہ ہوسکی اور مریض نے دم توڑ دیا۔
سانگھڑ کے علاقے شاہ پورچاکر میں پولیس اہلکار کے بیٹے کو دل کا دورہ پڑنے کے باعث اسپتال لایا گیا حالت نازک ہونے پر ڈاکٹروں نے نواب شاہ ریفر کیا۔
اس دوران ایمبولینس طلب کی گئی لیکن وہ اسٹارٹ نہ ہوسکی لواحقین دھکا لگاتے رہے، اس دوران نوجوان مریض ایمرجنسی وارڈ کے باہر اسٹریچر پر ہی دم توڑ گیا، جس کے بعد لواحقین نے اسپتال انتظامیہ کے خلاف نعرے لگائے۔
اسپتال انتظامیہ کا کہنا تھا کہ شاہ پور چاکر اسپتال کی ایک ہی ایمبولینس ہے جو اچانک خراب ہوگئی۔