• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مریم نواز لشکر کشی کے بجائے نیب میں پیش ہوں، شفقت محمود


اسلام آباد(ٹی وی رپورٹ)وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم ایک ریاستی ادارے پر لشکرکشی کرنے جارہی ہے، مریم نواز لشکر کشی کے بجائے باقی لوگوں کی طرح نیب میں پیش ہوں، سینیٹ میں پیپلز پارٹی کے زیادہ سینیٹرز ہیں اس لئے اپوزیشن لیڈر پیپلز پارٹی کا ہونا چاہئے ، براڈ شیٹ دستاویزات ملک قیوم کے زمانے میں چوری ہوئیں تو اس وقت پیپلز پارٹی کی حکومت تھی، ملتان میں آموں کے باغ کاٹ کر ہاؤسنگ اسکیم بنانا افسوسناک ہے، اگر کوئی ذاتی زمین پر آم کے درخت کاٹ کر ہاؤسنگ سوسائٹی بنانا چاہتا ہے تو اسے قانونی طور پر روکنا مشکل ہوگا۔ وہ جیو نیوز کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں پیپلز پارٹی کے رہنما سینیٹر شہادت اعوان اور ن لیگ کے رہنما بیرسٹر محسن شاہنواز رانجھابھی شریک تھے۔محسن شاہنواز رانجھا نے کہا کہ نیب کو کورونا کے دوران مریم نواز کو طلبی کا نوٹس نہیں بھیجنا چاہئے تھا، لوگ اظہار یکجہتی کیلئے مریم نواز کے ساتھ نیب جانا چاہتے ہیں تو یہ لشکر کشی نہیں ہے،براڈ شیٹ کیس کی اہم دستاویزات چوری ہونے کی انکوائری ہونی چاہئے۔سینیٹر شہادت اعوان نے کہا کہ سینیٹ میں پیپلز پارٹی کا اپوزیشن لیڈر بننے پر ن لیگ کو اعتراض نہیں ہونا چاہئے، براڈ شیٹ کیس کی اہم دستاویزات جس کی تحویل میں تھیں وہی ان کی چوری کا ذمہ دار ہے۔وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمودنے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اربوں روپے کرپشن کرنے والی سیاسی لیڈر کو بلایا جائے تو ہزاروں لوگ لانے کی دھمکی دیتی ہیں،پی ڈی ایم ایک ریاستی ادارے پر لشکرکشی کرنے جارہی ہے، مریم نواز لشکر کشی کے بجائے باقی لوگوں کی طرح نیب میں پیش ہوں۔ شفقت محمود نے کہا کہ سندھ میں کانٹریکٹ اساتذہ کو مستقل کرنے کے وعدے پر بھرتی کیا گیا تھا تو مستقلی ان کا حق ہے، حکومت اور اپوزیشن کو بات چیت کے ذریعہ قانون سازی کرنے کی ضرورت ہے۔ن لیگ کے رہنما بیرسٹر محسن شاہنواز رانجھا نے کہا کہ نیب کو کورونا کے دوران مریم نواز کو طلبی کا نوٹس نہیں بھیجنا چاہئے تھا۔

تازہ ترین