اسلام آباد( جنگ نیوز) سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ مریم نواز پر مقدمات ہیں اور وہ دھمکیاں دے رہی ہیں۔ملک میں احتساب کا عمل ویسے نہیں ہو رہا جس طرح ہونا چاہیے تھا۔ سینیٹ میں اکثریت مل گئی، اب قانون سازی پر توجہ دیں گے۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ حکومت کا نیب اور عدالتوں پر کسی قسم کا کوئی اثرورسوخ نہیں ہے۔ وزیراعظم کی ترجیح اداروں میں اصلاحات لانا ہے۔ پچھلے دس سال حکمرانی کرنے والوں کی کوشش تھی کہ ملکی ادارے مفلوج رہیں۔ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز شریف نے گزشتہ روز اپنے بیان میں کہا کہ منہ توڑ دیں گے، زبان کھینچ لیں گے، ایسی دھمکیاں ان کے ذہن کی عکاسی کرتی ہیں، ان کی تقریر کا مقصد کارکنوں کو اشتعال دلانا تھا۔