• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چمن، لیویز ہیڈکوارٹرز کے سامنے دھماکا، 3 شہید

کوئٹہ، خیرپور(نیوز ایجنسی، غلام عباس بھنبھرو بیورو رپورٹ) پاک افغان سرحدی شہر چمن میں لیویز ہیڈکوارٹرز کے باہر بم دھماکے میں 3افراد شہید اور دو سکیورٹی اہلکاروں سمیت 13 افراد زخمی ہوگئے ، لیویز حکام کے مطابق لیویز ہیڈکوارٹرز کے باہر پولیس تھانہ ایس ایچ او کی گاڑی کے قریب سڑک کنارے کھڑی موٹر سائیکل میں نصب دھماکا خیز مواد زو ر دار دھماکے سے پھٹ گیا، دھماکے کے بعد لیویز اور ایف سی اہلکاروں کی بھارتی نفری پہنچ گئی ، میتوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ، دوسری جانب خیرپور میں مال روڈ پر دو موٹرسائیکل سوار ملزمان رینجرز کی گاڑی پر کریکر پھینک کر فرار ہوگئے ، دھماکے میں رینجرز فورس کے دو اہلکاروں سمیت 6 افراد زخمی ہوگئے ، زخمیوں کو سول اسپتال منتقل کردیا گیا، ایس ایس پی امیر سعود مگسی نے بتایا کہ واقعہ گھناؤنا جرم ہے ،انہوں نے بتایا کہ ملزمان کی گرفتاری کیلئے پولیس کو ہائی الرٹ کرکے ضلع بھر کی ناکہ بندی کردی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق خیرپور میں منگل کے روز مال روڈ کے قریب رینجرز فورس کی گاڑی کے قریب کریکر دھماکا کیا گیا جس کے نتیجے میں رینجرز فورس کے دو اہلکاروں سمیت 6 افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں رینجرز فورس کے امجد علی، عمران علی، دو رکشا ڈرائیور ریاض لاشاری، رابیل انصاری ، قریبی دکان کا ملازم طارق پھلپوٹو اور خاکروب وجے کمار شامل ہیں۔ زخمیوں کو فوری طور پر سول اسپتال کے ایمرجنسی وارڈ میں داخل کرادیا گیا ۔ واقعے کی اطلاع پر سول اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر میر محمد سومرو، سینئر ڈاکٹر فرخ بھنبھرو اور دیگر عملہ اسپتال پہنچا ۔ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ نے اسپتال میں ایمرجنسی لگاکر اسپتال کی سیکورٹی کو ہائی الرٹ کیا ۔ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر میر محمد سومرو نے نمائندہ جنگ کو بتایا کہ زخمی خیر خیریت سے ہیں ۔

تازہ ترین