اسلام آباد(نمائندہ جنگ) راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس نے کہا ہے کہ وہ اپریل کے پہلے ہفتے کوئٹہ سے اسلام آباد صحافیوں کے حقوق کے لئے ہونیوالے لانگ مارچ ، پارلیمنٹ ہائوس کے باہر دھرنے میں بھرپور شرکت اور لانگ مارچ کے شرکاء کے اسلام آباد پہنچنے پر شانداز استقبال کیلئے پر عزم ہے۔ آر آئی یو جے کا اجلاس صدر عامر سجاد سید کی زیر صدارت منعقد ہوا ۔اجلاس میں ون پوائنٹ ایجنڈے کے تحت لانگ مارچ کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔عامر سجاد سید نے کہاکہ پاکستانی میڈیا اس وقت تاریخ کے بدترین بحران سے گزر رہا ہے، ہزاروں صحافی بے روزگار ہو گئے ہیں ۔میڈیا کے اداروں نے صحافیوں کی تنخواہوں میں کٹوتیاں کردی ہیں۔اس وقت پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا اپنی بقاء کی جنگ لڑ رہے ہیں ایسے حالات میں آر آئی یو جے ،پی ایف یو جے کی کال پر ہونیوالے لانگ مارچ کا بھرپور طریقے سے ساتھ دے گی ۔قائمقام سیکرٹری طارق علی ورک نے کہاآزادی صحافت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے ،جب تک میڈیا آزاد نہیں ہو گا اس وقت تک ملک ترقی نہیں کرسکتا اور نہ ہی صحافیوں کے مسائل حل ہوسکتے ہیں ۔ دیگر عہدیداران نے بھی اس موقع پر خطاب کیا ۔