پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما مصدق ملک کا کہنا ہے کہ نیب آفس میں پیشی کے موقع پر کارکن مریم نواز کے ساتھ جانا چاہتے ہیں۔
جیونیوز کے پروگرام ’کیپٹل ٹاک‘ میں گفتگو کرتے ہوئے مصدق ملک نے کہا کہ ہم نے کسی افسر پر تشدد نہیں کیا، کفن نہیں پہنے، قبریں نہیں کھودیں، پارلیمنٹ پر حملہ نہیں کیا۔
مصدق ملک نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے جب تجاویز سامنے رکھی ہیں ہم ان کے ساتھ چلے ہیں، اب ہم نے تجویز رکھی ہے، احتجاج کرنا ہمارا آئینی حق ہے۔
رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ ایسے شخص سے کیا ایمانداری کی توقع کریں گے جس نے اسکیم میں کالا دھن سفید کیا ہو۔
مصدق ملک نے کہا کہ ہم کوئی غیرآئینی کام نہیں کررہے، نہ ہم نے قبضہ کیا نہ کسی کا گھر توڑا ہے، ہمارے آئینی حقوق کی حکومت کو بھی پاسداری کرنا ہوگی۔