• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نہر سویز میں 400میٹر طویل بحری جہاز پھنس گیا، دنیابھر کی تجارت سست پڑگئی

پیرس (اے ایف پی /جنگ نیوز )ایک بڑی کنٹینر شپ تیز ہوائیں چلنے کی وجہ سے مصر کی نہرِ سویز میں پھنس گئی ہے جس سے دنیا میں تجارت کی اہم شاہراہ میں ٹریفک رک گئی ہے۔منگل کو سامنے آنے والی تصاویر میں تائیوان کا ایم وی ایور گرین نامی بحری جہاز کو نہر سویز میں ترچھا کھڑا دیکھا گیا جس کی وجہ سے کینال میں سمندری ٹریفک میں رکاوٹ پیدا ہوئی۔ بحری جہاز کو ہٹانے کی کوششیں جاری ہیں۔بی بی سی کے مطابق سویز کینال میں پھنسے 400 میٹر طویل بحری جہاز کو ہٹانے کی کوششیں جاری ہیں۔ اس حوالے سے کمپنی کی انتظامیہ اور مصری حکام آپس میں رابطے میں ہیں۔جہاز کو چلانے والی کمپنی ایور گرین مرین کارپ نے اے ایف پی کو بتایا کہ مبینہ طور پر ہوا کے جھونکے سے کنٹینر غلطی سے رک گیا تھا۔کمپنی انتطامیہ کا مزید کہنا تھا کہ کمپنی نے شپ کے مالک کو کہا ہے کہ اس واقع کی وجہ کو رپورٹ کریں اور کمپنی متعلقہ پارٹیوں کے ساتھ بات چیت کر رہی ہے، جن میں کینال کی انتظامیہ شامل ہے تاکہ جہاز کی جلد از جلد مدد کی جاسکے۔شپنگ کی ویب سائٹ ویسل فائنڈر کے مطابق یہ جہاز نیدر لینڈ کے شہر نوٹرڈیم جا رہا تھا۔دو سمندروں بحیرہ روم اور بحیرہ احمر کو جوڑنے والی سویز کینال کا شمار دنیا کی اہم تجارتی شاہراہوں میں ہوتا ہے جو کہ عالمی سطح پر بحری تجارت کا 10 فیصد راستہ فراہم کرتا ہے۔سویز کینال اتھارٹی کا کہنا ہے کہ گذشتہ سال تقریباً 19 ہزار بحری جہازوں کا سویز کینال سے گزر ہوا تھا جس میں 1اعشاریہ 17ارب ٹن کا سامان تھا۔

تازہ ترین