• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیویارک کے علاقہ مین ہٹن سے 45میل دور گرین ووڈ ندی کے کنارے ایک شاندار قلعہ نما رہائشی کمپاؤنڈ واقع ہے۔ یہ میامی مارلنز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈیریک جیٹر کی ملکیت ہے۔ اس قلعہ کی تاریخ بھی کافی دلچسپ ہے۔ 1950ء کی دہائی میں جیٹر کے دادا یہاں پلے بڑھے ہیں۔ جیٹر کے دادا خود دولت مند شخص نہیں تھے بلکہ انھیں اس قلعہ کے اصل مالکان جان اور جولیا ٹائیڈے مین نے گود لیا تھا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق، یہ پرتعیش قلعہ 1903ء میں نیویارک کے ایک ڈاکٹر ، روڈالف گیوڈے وِل نے اپنی بیوی کے لیےتعمیر کروایا تھا۔ یہ عظیم الشان کمپاؤنڈ دراصل دو محلوں پر مشتمل ہے، یعنی ایک مرکزی قلعہ ہے، جب کہ ایک ٹاور اور مہمانوں کا قلعہ اس کے ساتھ جُڑے ہوئے ہیں۔ گیوڈے وِل کے اس جہانِ فانی سے کوچ کرجانے کے بعد ٹائیڈے مین فیملی نے یہ قلعہ خرید لیا اور اس کے بعد یہاں اپنے 13بچوں کے ساتھ رہائش اختیار کی، ان میں ولیم کونورز بھی شامل تھے۔ 

ولیم کونورز، جیٹر کے دادا تھے۔ جیٹر نے اپنا بچپن اس قلعہ میں سوئمنگ کرتے، اسپورٹس کھیلتے اور دیگر چھوٹے موٹے کام کرتے گزارا۔ حالانکہ ٹائیڈے مین نے یہ قلعہ 1996ء میں فروخت کردیا تھا، لیکن اس کے چھ سال بعد جب یہ قلعہ 2002ء میں دوبارہ فروخت کے لیے لسٹ ہوا تو جیٹر نے اسے خرید لیا۔ جیٹر نے یہ قلعہ خریدنے کے بعد اس کی طویل اور مہنگی تزئین و آرائش کا بیڑا اُٹھایا۔

گرین ووڈ ندی وہ مقام ہے جہاں نیویارک اور نیوجرسی کی حدود ملتی ہیں اور یہ مقام نیویارک سٹی سے محض 50میل کی دوری پر ہے۔ یہ انیسویں صدی سے سیاحوں کے لیے ایک پُرکشش مقام کے طور پر جانا جاتا ہے، جہاں کئی سیلیبرٹی شخصیات بھی کھنچی چلی آتی ہیں۔ شوبز شخصیات کے علاوہ یہ مقام بیس بال کے کھلاڑیوں اور ان کے پرستاروں کے حوالے سے بھی جانا جاتا ہے۔ سات میلوں پر پھیلی ہوئی ندی اور اس کے ریستوران اور یہاں کا پُرسکون دیہی ماحول، ہفتے کے اختتامی دنوں میں نیویارک سٹی، جنوبی جرسی اور فلاڈیلفیا سے سیاحوں کو اپنی طرف کھینچ لاتا ہے۔

قلعہ کے تعمیراتی آرکیٹیکچر کی بات کریں تو یہ 12ہزار 590 مربع فٹ پر محیط ہے اور اسے چار حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے:مین ہاؤس، گیسٹ ہاؤس، پول ہاؤس اور بوٹ ہاؤس۔ ایک پول، کئی گھنے گارڈنز اور ایک لگون بھی اس وسیع و عریض کمپاؤنڈ کا حصہ ہے، جس پر لکڑی اور پتھر کے پُل بنے ہوئے ہیں۔ دو کانفرنس روم بھی بھی اس میں شامل ہیں۔

اس قلعہ کا جیٹر کمپاؤنڈ چار اِن ڈور باورچی خانوں، ایک آؤٹ ڈور باورچی خانہ اور ایک بڑے پول پر مشتمل ہے، لیونگ ایریا میں چھ بیڈ رومز، سات مکمل باتھ رومز اور پانچ جزوی باتھ رومز، گریٹ روم،پتھر سے بنے متعدد آتش دانوں، سَن روم، ڈائننگ ایریا، آفس، جم، اور فیملی روم معہ بار نمایاں ہیں۔

لکڑی اور پتھر سے بنا ہوا پُل، باہر چہل قدمی کے لیے کھُلتا ہے۔ ایسا ہی ایک پُل گیسٹ ہاؤس کو بھی دیا گیا ہے، جہاں سے خوبصورت ندی اور گھنے ہرے درختوں کا نظارہ کیا جاسکتا ہے۔ قلعہ کے چاروں اطرف گھنے درخت واقع ہیں۔ قلعہ میںمجمسہ آزادی کا ایک نقلی مجسمہ بھی بنایا گیا ہے، جبکہ چار گاڑیوں کی گنجائش والا ایک گیراج بھی اس قلعہ کا حصہ ہے۔ یہ قلعہ اس قدر روشن، ہوادار، کشادہ اور فطری ماحول کے درمیان ہے کہ یہاں چاہے کتنے ہی مہمانوں کو بہ یک وقت مدعو کرلیں، مہمانوں کو پھر بھی کسی نہ کسی کونے میں پُرسکون ہونے اور تنہا وقت گزارنے کا موقع مل جاتا ہے۔ قلعہ کی بیرونی دیوار چھ فٹ اونچی ہے، جسے اعلیٰ معیار کے پتھر سے تعمیر کیا گیا ہے۔

ڈیریک، میامی مارلنز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ہونے کے ساتھ ساتھ امریکا کے ایک معروف بیس بال کلب کے بھی مالک ہیں، جبکہ 2016ء میں ماڈل ہینا ڈیوس کے ساتھ شادی کے بندھن میں بندھنے کے بعد انھوں نے خود کو دیگر کئی کاروباری سرگرمیوں میں بھی مصروف کرلیا ہے۔ ان کے دو بچے بھی ہیں، جن کی پرورش کے لیے بھی انھیں وقت دینا پڑتاہے۔ یہی وجہ ہے کہ ندی کنارے اس شاندار قلعہ کو سنبھالنے کے لیے ڈیریک کے پاس اب مطلوبہ وقت نہیں ہے، جس کے باعث اب وہ اس قلعہ کو ایسی فیملی کو فروخت کرنا چاہتے ہیں، جو اس قلعہ میں رہ کر بالکل اسی طرح لطف اندوز ہو، جیسے وہ اتنے برسوں سے اپنی فیملی کے ساتھ یہاں رہ کر لطف اندوز ہوتے رہے ہیں۔

ڈیریک نے اس سے قبل 2018ء میں یہ قلعہ فروخت کرنے کے لیے لسٹ کروایا تھا اور اس وقت اس کی قیمت انھوں نے 14.75ملین ڈالر رکھی تھی۔ تاہم اس وقت کسی سنجیدہ خریدار کے ساتھ ان کا سودا طے نہ ہوسکا۔ اب تقریباً تین سال بعد ڈیریک نے اس قلعہ کو ایک بار پھر فروخت کرنے کے لیے لسٹ کروایا ہے اور اس بار انھوں نے اس کی قیمت میں دو ملین ڈالر کمی کا اعلان کیا ہے۔ اس کا مطلب یہ ہوا کہ اب اس قلعہ کو 12.75ملین ڈالر میں فروخت کے لیے پیش کیا گیا ہے۔

تازہ ترین