• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چاہے آپ گھر کی ڈیزائننگ کیلئے کچھ متاثرکن خیالات کی تلاش میں ہیں یا اپنے حتمی خوابوں کے گھر کے بارے میں خیالی تصور کرنا چاہتے ہیں تو ایسے میں بہتر نظریات اکٹھا کرنے کیلئے مشہور سیلیبرٹیز کی رہائشگاہوں سے بہتر کیا ہوسکتا ہے کیونکہ ان کے گھروں میں ضروریاتِ زندگی کے ساتھ خوبصورتی، آرائش اور آسائشیں سبھی کچھ موجود ہے۔ 

سیلیبرٹیز اس کیلئے ڈیزائنرز اور معماروں کی خدمات حاصل کرتے ہیں تاکہ گھروں کو ہر ممکن حد تک تمام سہولتوں سے آراستہ اور شاندار بنایا جاسکے۔ کئی فٹ اونچی چھتوں، دلکش انداز سے پینٹ کی گئی دیواروں، جدید مناظر اور غیرمعمولی سہولتوں سے آراستہ گھروں کو دیکھ کر آپ یقیناً متاثر ہوں گے۔ آج ہم آپ کو چند مشہور سیلیبرٹیز کے گھروں کے بارے میں بتا رہے ہیں جن کے متعلق جان کر آپ کچھ ایسا ہی اپنے گھر کیلئے بھی چاہیں گے۔

جینیفر اینسٹن، بیورلی ہلز ہاؤس

1970ء کی دہائی میں تعمیر کردہ بیورلی ہلز کے اس گھر کے داخلی حصے میں ڈرامائی انداز میں بنے 14فٹ لمبے دروازے ایک الگ کشش رکھتے ہیں۔ جینیفر اینسٹن کے گھر کے لیونگ روم سے تالاب کا نظارہ کیا جاسکتا ہے۔ ماسڑ بیڈ روم سے باغیچے کی طرف راستہ نکلتا ہے جبکہ ساتھ ہی ایک بڑا ہال ہے۔ جینیفر کی پسندیدہ جگہ گھر کا خوبصورت کچن ہے۔ 

جیسن اسٹیتھم، ملیبو بیچ ہاؤس

انگلش اداکار جیسن اسٹیتھم کا ملیبو بیچ ہاؤس 4ہزار مربع فٹ پر تعمیر کردہ ہے۔ اسے سمندر کی جانب کھلا رکھا گیا ہے۔ اس کی بیرونی دیواروں میں چمکیلے سیاہ دیودار کے ساتھ تانبے کا استعمال کیا گیا ہے۔ پُرسکون ماسٹر بیڈروم کی بالکنی ساحل کا نظارہ پیش کرتی ہے۔ لیونگ روم میں اینٹوں کا آتش دان اور کتابوں کی بڑی شیلفس بنی ہوئی ہیں۔

جیسیکا البا، لاس اینجلس ہاؤس

جیسیکا البا نے اپنے لاس اینجلس میں واقع گھر کو خریدنے کے بعد اس کی تزئین و آرائش میں18ماہ سے زیادہ وقت لگایا۔ انھوں نے گھر میں کچھ تبدیلیاں کیں جس میں فیملی روم کو کچن تک وسعت دینا شامل ہے۔ اس کے علاوہ گھر کے عقبی حصے میں شیشے کی دیوار نصب کروائی تاکہ ایک ناقابل یقین نظارہ دیکھنے کو مل سکے۔

جینیفر لارنس، بیورلی ہلز ہاؤس

جینیفر لارنس نے بیورلی ہلز میں واقع 5ہزار500مربع فٹ پرمشتمل گھر 8ملین ڈالر میں خریدا تھا۔ گھر میں داخل ہوتے ہی شاندار انداز سے بنے زینے اوپر ی منزل پرلےجانے کیلئے بے تاب رہتے ہیں۔ یہاں رہائش پذیر ہونے سے قبل جینیفرنے اپنے حساب سے اس کی تزئین و آرائش کروائی اور بعد میں صرف فرنیچر سیٹ کروایا تھا۔ 

تازہ ترین