نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے سربراہ اور وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی برطانوی قسم زیادہ خطرناک ہے جو خطے میں تیزی سے پھیل رہی ہے۔
اسد عمر کی زیر صدارت این سی او سی کا اجلاس ہوا، اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں اسد عمر نے کہا کہ این سی او سی میں کورونا سے متعلق مستقبل کو دیکھتے ہوئے فیصلے کیے جاتے ہیں۔
اسد عمر نے کہا کہ گزشتہ ہفتوں میں جو فیصلے کیے گئے ان پر اس طرح عمل نہیں ہورہا جیسے ہونا چاہیے تھا۔
انہوں نے کہا کہ برطانیہ سے آئی نئی کورونا کی قسم زیادہ خطرناک ہے،تیزی سے پھیلتی ہے، کورونا وبا پورے خطے میں تیزی سے پھیل رہی ہے، گزشتہ پانچ روز میں کورونا تشویشناک مریضوں میں خطرناک حد تک اضافہ ہورہا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پہلی لہر میں تشویش ناک حالت میں 33سو مریض تھے، تیسری لہر میں 2 ہزار 842 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
اجلاس میں پنجاب، خیبر پختونخوا اور اسلام آباد میں خطرناک حد تک بڑھتے کیسز کی صورت حال اور ملک بھر میں آکسیجن بیڈ، وینٹی لیٹرز اور دیگر طبی سہولتوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔
گزشتہ روز اجلاس میں وفاقی وزیر اسد عمر نے صوبائی انتظامیہ کو ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کروانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے۔