• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

زرداری نے پرویز الٰہی کو وزیراعلیٰ بنانیکی بات کی، اصولوں پر سمجھوتا نہیں کرینگے،مریم، وزیراعلیٰ بننا حمزہ کا حق، نہیں مانتے تو ق لیگ سے بات کرنی ہوگی، بلاول

کراچی، لاہور (اسٹا ف رپورٹر، ایجنسی) مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ آصف علی زرداری نے پنجاب میں عدم اعتماد لا کر پرویز الٰہی کو وزیراعلیٰ بنانے کی بات کی تھی لیکن اصولوں پر سمجھوتا نہیں کرسکتے۔ جبکہ چیئرمین پی پی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ حمزہ شہباز کا حق بنتا تھا اوربنتا ہے کہ وہ وزیراعلیٰ بنیں۔ تاہم اگر حمزہ شہباز وزیراعلیٰ نہ بننا چاہیں تو اس صورت میں مسلم لیگ (ق) سے بات کی جاسکتی ہے۔ تفصیلات کے مطابق مریم نواز نے کہا ہے کہ اصولوں پر چلنا اور قائم رہنا بڑی بات ہوتی ہے، آدھا تیتر اور آدھا بٹیر، کبھی یہ نہیں ہوسکتا۔ ایک سوال کے جواب میں مریم نواز کا کہنا تھا کہ آصف زرداری نے کہا تھا (ن) لیگ اور پی ڈی ایم مانے تو پنجاب میں عدم اعتماد کر کے پرویزالہٰی کو وزیراعلیٰ بنا دیں، نوازشریف نے کہا تھا آئین و قانون نے جس دائرہ کار میں محدود کیا اسی میں رہیں، ہم آئین کیلیے جدوجہد کرنے والے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم اگر اصول قربان کردیں تو توپورے پاکستان پر بھاری ہو سکتے ہیں بھاری ہو نا سب کو آتا ہے لیکن اصول پر چلنا سب سے اچھی بات ہے ۔ دوسری جانب بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز ہیں اور ان کا حق بنتا تھا اوربنتا ہے کہ وہ وزیراعلیٰ بنیں۔ تاہم اگر حمزہ شہباز وزیراعلیٰ نہ بننا چاہیں تو اس صورت میں مسلم لیگ ق اور دیگر جماعتوں سے بات کرنا ہوگی تاکہ ووٹ کواکھٹا کیا جاسکے۔بلاول بھٹو نےاس حوالےسے مزید کہا کہ پنجاب کواس کٹھ پتلی حکومت سے بچاسکتے ہیں۔ عثمان بزدارکٹھ پتلی ہیں اور آج تک پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن نے100 سے زائد ووٹ رکھتےہوئے بھی ایک بار بھی کوئی تکلیف نہیں پہنچائی اور ان کا ایک بجٹ بھی چیلنج نہیں کیا گیا۔

تازہ ترین